کولمبو / کراچی: محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کی جانچ کے لیے تاریخ کا فیصلہ جمعرات کو ہوگا، آل راؤنڈر کو کولمبو میں بھارتی ہائی کمیشن نے ویزا جاری کردیا، پی سی بی بدستور بائیومکینک ٹیسٹ کی تاریخ آگے بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔
تفصیلات کے مطابق آل راؤنڈر محمد حفیظ کو بھارت کا ویزا مل گیا جس کے بعد اب وہ چنئی جاکر آئی سی سی کی مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر بولنگ ایکشن کا تجزیہ کراسکتے ہیں۔ اس سے قبل ویزے کے حصول میں انھیں دشواری کا سامنا تھا جسکی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کونسل سے ایکشن کے جانچ کی تاریخ آگے بڑھانے کی درخواست کردی تھی، مگر اس سے قبل کہ وہاں سے کوئی جواب آتاکولمبو میں بھارتی ہائی کمیشن نے حفیظ کو ویزہ جاری کردیا۔ آئی سی سی قوانین کے تحت بولنگ ایکشن مشکوک رپورٹ ہونے کے 14 دن کے اندر تجزیہ کرانا ضروری ہے تاہم اس کا نتیجہ آنے تک بولنگ کی اجازت ہوگی۔
پی سی بی کی جانب سے بدستور اس ٹیسٹ کو کچھ دنوں کے لیے موخر کرنے کی کوششیں جاری ہیں، آئی سی سی کی جانب سے اس بارے میں حتمی فیصلہ جمعرات کو متوقع ہے، اگر تاریخ آگے نہیں بڑھائی جاتی تو پھر حفیظ تیسرا ٹیسٹ نہیں کھیل پائیں گے، انھیں فوری طور پر پالے کیلی سے کولمبو پہنچ کر چنئی کی فلائٹ پکڑنا ہوگی۔ دوسری جانب پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہم آئی سی سی سے بائیومکینک ٹیسٹ کی تازہ تاریخ کے لیے رابطے میں ہیں، تیسرا ٹیسٹ شروع ہونیوالا اور اس میں آل راؤنڈر کی ضرورت پڑسکتی ہے۔ بولنگ تجزیے کے لیے چنئی کے انتخاب پر انھوں نے کہاکہ ایک تو اس کا کولمبو سے فاصلہ کم اور حفیظ چونکہ پہلے ہی وہاں پر ٹیسٹ دے چکے اس لیے خود کو وہاں بہتر محسوس کریں گے۔
700 total views, no views today


