اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی کا کہنا ہے کہ سندھ رینجرز آئین اور قانون کے مطابق کارروائیاں کر رہی ہے تاہم صوبائی حکومت کے تحفطات دور کرنے کی یقین دہانی کے بعد امید ہے کہ رینجرز کے اختیارات میں آج رات 12 بجے سے پہلے توسیع کردی جائے گی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی نے کہا کہ سندھ رینجرز کے حوالے سے بہت قیاس آرائیاں ہورہی ہیں اور مخصوص مقاصد کی خاطر رینجرز کو متنازعہ بناکر ایسا تاثر دیا جارہا ہے
کہ رینجرز پاکستان کی نہیں بلکہ کسی اور کی فورس ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کسی سیاسی جماعت کی فورس نہیں وہ کسی سیاسی پارٹی کے کہنے پر اور نہ کسی پارٹی کے خلاف کارروائیاں کرتی ہے بلکہ رینجرز قانون کے مطابق سندھ میں تعینات ہے اور وہ تمام تر کارروائیاں قانون وآئین کے مطابق کررہی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ رینجرز کو دیئے گئے اختیارات کی مدت آج ختم ہورہی ہے جس پر وزیراعلیٰ سندھ سے بات ہوچکی ہے اور ہم نے ان کو تمام تر تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جس کے بعد امید ہے کہ آج رات 12 بجے مدت ختم ہونے سے سے پہلے صوبائی حکومت کی جانب سے ہمیں ریکوزیشن موصول ہوجائے گی اور اگر حکومت سندھ ان کی مدت میں توسیع نہیں کرنا چاہتی تو ہم رینجرز کو کراچی کی سڑکوں پر بے یارو مددگار نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت رینجرز کو یوم علی کے لیے کراچی میں 24 گھنٹوں کے لیے تعینات کرکے واپس بلالے گی۔
چوہدری نثارعلی نے کہا کہ سندھ رینجرز نے جان ہتھیلی پر رکھ کر کارکردگی دکھائی جس کی واضح مثال کراچی میں امن وامان کی صورتحال کی صورت میں سب کے سامنے ہے، رینجرز نے مشکل ترین حالات میں شہرسے بھتہ خوری، ٹارکٹ کلنگ کا مکمل خاتمہ کردیا ہے اور اگر کسی کو ان کی کارکردگی کے بارے میں شک ہے تو وہ کراچی کے شہریوں اور تاجروں سے پوچھ سکتے ہیں۔
341 total views, no views today


