کالام میں علاقہ مشران کا ایڈیشنل ایس ایچ او کے خلاف گرینڈ جرگہ، رویہ ٹھیک نہیں، فوری طور پر تبادلہ کیا جائے۔ورنہ احتجاجی مظاہروں پر اتر آئیں گے۔تفصیلات کے مطابق وادی کالام کے علاقہ مشران اور ممبران ضلعی کونسلر ملک حسن زیب خان، چئیر مین وی سی کالام ملک گل زادہ ، چئیر مین وی سی آشورن ملک شاہ نظر، نائب چئیر مین وی سی کالام عبدالواحد، کونسلران اخترعزیز، مرزا خان، حاجی فقیر گل ، عبدالحمید، ہادی خان، علاقہ مشران ملک شاہ مردان، ملک صاحب اللہ، ملک عمر فقیر، ملک شرین خان، حاجی زرے خان، ملک عطاؤللہ ملک کمین گل اور دیگر پر مشتمل ایک گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا گیا۔ گرینڈ جرگہ نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ چند دنوں پہلے وادی کالام کے علاقہ کس میں رات کی تاریکی میں نامعلوم افراد نے دو گاڑیوں کو آگ لگادی تھی۔ جس کا ایف آئی آر علاقہ کس سے تعلق رکھنے والے دو افراد محمد ذاکر اور محمد رؤف کے خلاف درج کیا گیا تھا۔مگر ایڈیشنل ایس ایچ او یوسف نے چھاپہ مارکر ملزمان کے بجائے ان کے ضعیف العمر والدین فقیر زادہ کاکا ، گل فقیر اور چاچا میرذادہ کو حوالات میں بند کردیا۔ اسی اثنا علاقہ مشران تھانے پہنچ گئے اور ملزمان کو پولیس کے حوالہ کرنے کی ضمانت پر ضعیف العمر افراد کو بری کرنے کا مطالبہ کیا تو ایڈیشنل ایس او نے ان کے ساتھ بد کلامی کی اور بتایا کہ انہوں نے بدمعاشی کے طور پر لائے ہیں اور انہیں چھوڑنے سے انکارکردیا۔ جرگہ کا کہنا تھا کہ مذکورہ ایس ایچ او پہلے بھی کئی بار علاقہ مشران کے ساتھ بدکلامی اور علاقہ مشران کی پگڑیاں اچھال چکے ہیں ۔ بے گناہ افراد کو تشدد کا نشانہ بناتا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ کالام میں علاقہ مشران کے گھروں کو انتظامیہ نے کئی سال پہلے پولیس چھاپوں سے مستثنی قراردیا ہے، اور مذکورہ ایس ایچ او خلاف ورزی کرتے ہوئے بار بار علاقہ مشران کی آبرو کو خاک میں ملاتا ہے اور قوم کے ساتھ ان کا رویہ درست نہیں ۔ انہوں نے ڈی پی او ، ڈی آئی جی اور دیگر متعقلہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ایڈیشنل ایس او یوسف کا فوری طور پر تبادلہ کیا جائے ورنہ وہ پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہروں پر اتر آئیں گے۔
724 total views, no views today


