مینگورہ، سیدوشریف پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ اومحمداقبال نسیم نے کہاہے کہ ہفتہ شہدائے پولیس منانے کا مقصدامن کی خاطر جانیں نچھاؤر کرنے والے پولیس جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیساتھ ساتھ ان کی خدما ت کو سراہنا اور ان کے لواحقین کو باورکرانا ہے کہ ان کے پیارے اورہمارے محسن اب بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اورزندہ رہیں گے،ہفتہ شہدائے پولیس کے اختتام کے موقع پر سیدوشریف پولیس شہداء کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پولیس حکام نے ہفتہ شہدائے پولیس کا اہتمام کرکے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیساتھ ساتھ ہماری حوصلہ افزائی بھی کی ہے اس سے ہماراجذبہ حب الوطنی مزیدمستحکم ہواہے ،انہوں نے کہاکہ جن لوگوں نے اپنا آج ہمارے کل کیلئے قربان کیا ہے ان کی قربانیاں تاریخ کا اہم ترین حصہ بن چکی ہیں اورہم نے عہد کررکھاہے کہ ضرورت پڑنے پران شہداء کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک وقوم کی خاطر مزید قربانیاں بھی دیں گے ،انہوں نے کہاکہ سوات میں کشیدگی کے دوران پولیس جوانوں نے جس جوانمردی کا مظاہرہ کیا ہے وہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں جبکہ قیام امن کیلئے پاک فوج ،ایف سی جوانوں اورعوام کی قربانیاں بھی روزروشن کی طرح عیاں ہیں جس پرہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں،انہوں نے کہاکہ سوات پولیس جوانوں کے حوصلے اس قدربلند اورارادے اس قدرمضبوط ہیں کہ وہ ہرقسم کی صورتحال کا مقابلہ کرسکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ اپنے شہیدوں کو یاد رکھنازندہ قوموں کی نشانی اور اس ہفتے عوام نے پولیس شہیداء کے حوالے سے منعقدہ ہونے والے پروگراموں اورتقریبات میں جس اندازسے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اس سے ثابت ہوا کہ واقعی ہم زندہ اورمحب وطن قوم ہیں۔
602 total views, no views today


