تحریک انصاف کی حکومت کا نعرہ مستانہ ہے کہ ہم ہر جگہ ایسی تبدیلی لا کر رہیں گے جس سے دیگر ممالک کے لوگ پاکستان میں نوکریاں ڈھونڈنے کے لئے آئیں گے کیونکہ پاکستان میں ہر کام میرٹ پر ہوگا لیکن اب تک ہمیں تو کسی بھی اینگل سے تبدیلی کے آثا ر نظر نہیں آ سکے کہ آخر یہ تبدیلی کب آئے گی ؟ خیبرپختونخوابھرمیں لیڈی ہیلتھ ورکر جن کی تنخواہیں گذشتہ ایک سال سے بند ہیں کیایہ تبدیلی ہے۔ آج پھر سوات کی باپردہ خواتین لیڈی ہیلتھ ورکرز تنخواہوں کی بندش کے خلاف سٹرکوں پر نکل آئیں انہوں نے ایک ہفتہ پہلے بھی اسی طرح کا احتجاج کیا تھا اور اے سی سوات نے مذاکرات کرتے ہوئے انہیں مسائل ختم کرنے کی یقینی دہانی پر احتجاج ختم کرایا تھا،اگر کسی کو نہیں معلوم کہ مذاکرات میں کیا طے ہواتھا توہم بتائے دیتے ہیں کہ ! ایک ہفتے کے اندر اندرسب کی تنخواہیں ادا جائیں گی‘ کا فارمولہ طے ہوا تھا۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگرہمارے مطالبات منظورنہ ہوئے تو ہم بنی گالہ میں بھی خان صاحب کے گھر کے سامنے دھرنا دیں گے کیونکہ یہ ہم نے انہی سے سیکھا ہے کہ جب آپ کو جائز حق نہ ملے تو دھرنے کا راستہ اختیار کر و قارئین کرام بات یہاں ختم نہیں ہوجاتی،استحصال کا سلسلہ ہرجگہ جاری ہے،گزشتہ دنوں پی ٹی آئی ملوک آباد کے نائب ناظم محمد اقبال کی نگرانی میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں ، اکبر آباد بارامہ گرلز پرائمری سکول میں چوکیدار بھرتی کرنے کے لئے حقداروں کی حق تلفی کرتے ہوئے آٹھ من پسند افراد کی لسٹ تیار کی گئی اورمحلے والوں کو کانوں کان اطلاع تک نہیں دی گئی جس کی وجہ سے محلے کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو اندھیرے میں رکھا گیا ذرائع کے مطابق چوکیدار کی آسامی کے لئے قرعہ اندازی کی گئی جس میں امجدنامی پی ٹی آئی کارکن کانام نکلا جس پر باقی سات افراد بھی ناخوش ہیں۔دوسری جانب اہل محلہ بھی شاکی ہیں اور سوال کرتے ہیں کہ! جناب محمد اقبال صاحب آپ کو پتہ ہو ناچاہئے کہ عوام نے آپ کو ووٹ اپنے حالات کی تبدیلی کے لئے دیا تھاناکہ من پسند افراد میں نوکریاں بانٹنے کیلئے اس حوالے سے جب موصوف سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو رابطہ نہ ہوسکا۔بتایا جارہا ہے کہ یہ 8افراد وہ ہیں جنہوں نے بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کے جلسوں کے کیلئے کام کیا تھا ، اہلیان علاقہ کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے ساتھ زیادتی ہے کیونکہ ہم سب نے مل کر پی ٹی آئی کو ووٹ دیا ہے ۔ اس محلے میں ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوان اور بھی بے روزگار ہیں اس لئے اس پوسٹ پر بھرتی کے لئے میرٹ پر فیصلہ ہونا چاہئے تھا۔ورنہ عوام اگلے الیکشن میں میرٹ کی لاٹھی سے فیصلہ کرلیں گے۔
784 total views, no views today


