بریکوٹ،ویلیج کونسل نجیگرام کے نومنتخب ممبران کی طرف سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانی خصوصی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بریکوٹ محمد فہیم خان تھے ۔اس تقریب میں نومنتخب ناظم فضل ودود باچا، نائب ناظم واجد خان، تحصیل کونسلر فضل اکبر خان ،جنرل کونسلر ز تاج فرین ، شمشی ماما، گوہر علی باچا،گل شیر،یاسر ،پاکستان تحریک انصاف کے سابق تحصیل بریکوٹ صدر انجینئر شرافت علبی ،اے این پی ضلعی رہنماء فضل الہی عرف بالی خان،ایس ایچ او بشیر خان،بریکوٹ چوکی انچارج اکبر حسین خان،سابق ناظم یوسی غالیگے شاہی نواب باچاکے علاوہ علاقے کے معززین کثیرتعداد میں موجود تھے ۔اس موقع پر ناظم فضل ودود باچا و نائب ناظم واجد خان نے کہاکہ حلقہ نیابت کے لوگوں نے جس طرح ہم پر اعتماد کیا ہے انشاء اللہ ہم اپنی بھر پور کوشش کرکے عوام کا یہ اعتما د بحال رکھنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔انہوں نے علاقے کے مسائل کے بارے میں کہاکہ ہمارے علاقے کا سب سے بڑا مسلۂ تعلیم کا ہے ۔اس وقت گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول میں چھ کلاسوں کے لئے ایک استانی ہے جوکہ یہاں کے بچیوں کے مستقبل کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے اور یہی حال گورنمنٹ پرائمری سکول ناؤاگئی کا ہے ہماری اولین ترجیح یہی ہوگی کہ اس سکول کے سٹاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ 2500آبادی کے لئے اس سکول کومڈل کا درجہ دینے کے لئے ہر حد تک جائیں گے ۔سوات کا واحد پہاڑ نجیگرام کا ہے جہاں پر اب بھی جنگلات محفوظ ہیں اور اس کومحفوظ بنانے کے لئے عوامی تعاون درکار ہوگی اس کی تحفظ کے لئے سوئی گیس کی فراہمی وقت کا تقاضا ہے اور انشاء اللہ ہم وفد کی صورت میں وفاقی اور صوبائی حکومت کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے ۔نجیگرام کے مضافاتی علاقے اب بھی اس دور جدید میں بجلی سے محروم ہیں انشاء اللہ اس محرومی کے خاتمے کے لئے ہر اس در پر جائیں گے جہاں سے ہمارے اس علاقے کو بجلی کی فراہمی ممکن ہو۔نکاس اب ،صاف پانی کی فراہمی ،صفائی،کھیل کے میدآن اور علاقے میں امن وامان کی بحالی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہیں کریں گے ۔تحصیل کونسلر فضل اکبر خان نے اپنے خطاب میں کہاکہ انشاء اللہ سیاست سے بالاتر ہوکر اس علاقے کے تمام مسائل کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں گے مگر صرف منتخب ممبران اکیلے کچھ نہیں کرسکتے جب تک ہمارے ساتھ عوامی تعاون نہ ہو۔ہم عوامی تعاون سے انشاء اللہ اسی بلدیاتی نظام کے تحت علاقے کو ماڈل بنا ئیں گے۔نجیگرام بریکوٹ کا محلے کی حیثیت رکھتا ہے اور اللہ تعالیٰ نے اس کو جو خوبصورتی دی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے ہماری اولین کوشش یہی ہوگی کہ اس علاقے کے روڈ کو بہترین تعمیر کریں کیونکہ یہ علاقہ سیاحتی علاقہ ہونے کی وجہ سے یہاں کی معیشت پربہترین اثر ات مرتب ہوں گے ۔آخر میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بریکوٹ محمد فہیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کا بلدیاتی نظام کا رائج کرنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ تمام اختیارات کو نچلی سطح پر لا کر علاقے کے عوام اپنے مسائل خود حل کریں ۔مجھے امید ہے کہ آپ لوگ قانونی کی پاسداری کرکے اپنے ملک اور قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور بریکوٹ انتظامیہ آپ کے ساتھ اس جہاد میں برابر شریک ہوگی ۔
944 total views, no views today


