ملتان: وہاڑی چوک میں بس اسٹینڈ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ ملتان میں وہاڑی چوک میں بس اسٹینڈ کے قریب رکشے میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جب کہ دھماکے سے 3 رکشوں اورقریبی دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اورزخمیوں کو نشتر اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کرشواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ سول ڈیفنس کے مطابق دھماکے کے آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ دھماکے کے بعد زمین میں بہت بڑا گھڑا پڑ گیا۔
سی پی او ملتان اظہر اکرام کا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکہ گیس سلنڈر کا نہیں بلکہ بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے کی جگہ پر بال بیئرنگ کے نشانات ملے ہیں جب کہ فرانزک ٹیمیں مشکوک لاش کا جائزہ اور شواہد اکٹھے کررہی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف نے دھماکے پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے امدادی کام میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے جب کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ملتان انتظامیہ اور پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
449 total views, no views today


