سوات، وزیراعلیٰ صوبہ خیبرپختونخواپرویزخٹک نے کہاہے کہ صوبہ بھرکے صحافیوں کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح وبہبودکیلئے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عملی اقدامات اٹھارہی ہے جن کے ثمرات بہت جلد سامنے آئیں گے،صحافتی برادری سماجی اورمعاشرتی برائیوں کی نشاندہی کرے صوبائی حکومت انہیں دورکرے گی،سوات کے صحافیوں نے قیام امن کی خاطر جو قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ کا حصہ بن چکی ہیں
،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ملم جبہ میں سنوفیسٹول کی تقریب میں شرکت کے دوران سوات پریس کلب ،سوات یونین آف جرنلسٹس اورایگزیکٹیوکونسل کی نومنتخب کا بینہ سے حلف لیتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ سوات کے صحافیوں نے یہاں پرپائیدارامن کے قیام کے لئے جوقربانیاں دی ہیں وہ کسی اہل نظر سے ڈھکی چھپی نہیں جبکہ اب بھی یہ صحافی سوات کی تعمیروترقی اورعوامی مسائل کے حل کیلئے بذریعہ قلم خدمات انجام دے رہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ صوبہ بھرکے صحافیوں کودرپیش مشکلات کودورکرنے اوران کی فلاح وبہبودکیلئے صوبائی حکومت عملی اقدامات اٹھارہی ہے،اس سے قبل سوات پریس کلب کے چیئرمین رشیداقبال نے انہیں سپاسنامہ پیش کیا اورکہا کہ سوات کے صحافیوں نے کشیدہ صورتحال میں بطریق احسن قلمی فرائض انجام دئے اوراس دوران ہمارے کئی ساتھیوں نے جانوں کے نذرانے پیش کئے مگر تاحال یہاں کے صحافیوں کو وہ صلہ نہیں ملا جس کے وہ مستحق ہیں انہوں نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ وزیراعلیٰ صوبہ خیبرپختونخوا سوات کے صحافیوں کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھاکر ان کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے،حلف والے عہدیداروں میں سوات پریس کلب کے نومنتخب چیئرمین رشیداقبال ،وائس چیئرمین غفورخان عادل،جنرل سیکرٹری محبوب علی،فنانس سیکرٹری ناصرعالم ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری انورزیب،جائنٹ سیکرٹری جاویداقبال میرخانخیل،یونین کے نومنتخب سینئرنائب صدر سلیمان یوسفزئی،نائب صدر شوکت علی،جنرل سکرٹری شیرین زادہ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری خورشیدعمران،جائنٹ سیکرٹری سعیدالرحمان،ایگزیکٹیوکونسل کے میاں سیدعمرناصح،فضل رحیم خان اورفیاض ظفرشامل تھے۔
519 total views, no views today


