مینگورہ، والئی سوات میاں گل عبدالحق کی برسی منائی گئی،تقریب میں تمام سیاسی پارٹیوں کے قائدین سمیت سماجی شخصیات اور اہل علاقہ کی بھرپوراندازمیں شرکت،شرکاء نے والئی سوات کو خراج عقیدت پیش کیا،گذشتہ روزوالئی سوات کی دوسری برسی کے حوالے سے ودودیہ ہال سیدوشریف میں پروقارتقریب منعقدہوئی جس میں تمام مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی،
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے والئی سوات میاں گل عبدالحق کے نواسے میاں گل شہر یارامیر زیب اوردیگر مقررین نے کہاکہ ریاست کے دورمیں نہ صرف مثالی امن قائم تھا بلکہ لوگوں کی تمام تر ضروریات ریاست ہی پوری کرتی تھی ،اس وقت کے سے قائم سڑکوں،ہسپتالوں اور سکولوں سے آج بھی لوگ مستفیدہورہے ہیں،انہوں نے کہاکہ یہ بات ریکارڈ پر موجود ہے کہ ریاستی دورمیں کسی کیساتھ زیادتی یاانصافی نہیں ہوئی تھی بلکہ سب کے ساتھ انصاف ہوتا تھا ،چوری ڈاکے رہزنی ڈکیتی اوردیگر وارداتوں کاتوا س وقت تصور بھی نہیں تھا جبکہ اس وقت ریاست تین اضلاع سوات،بونیر اورشانگلہ پر مشتمل تھی جس میں پر طرف امن وامان ،خوشحالی اورسکون ہی سکون تھا،انہوں نے کہاکہ خوشحالی ،ترقی اورامن کے حوالے سے آج بھی لوگ ریاست سوات کی مثالیں دے رہے ہیں اوریہ سب والئی سوات اوران کے والد باچاصاحب کی بہترین پالیسیوں اورطرز ریاست کی وجہ سے تھا وہ انسانوں کی قدرکرتے اوران کی جائز ضروریات کو بروقت پوری کرتے تھے یہی وجہ ہے کہ آج بھی سوات کے عوام کے دلوں میں باچاصاحب اوروالئی سوات کا احترام برقرارہے جنہوں نے ریاستی دورمیں عوام کی فلاح وبہبودکیلئے کام کیا جبکہ یہاں پر ترقی کی بنیاد بھی رکھی ،انہوں نے کہاکہ ریاست کے ادغام کے بعد سوات مسائل کی آماجگاہ میں تبدیل ہوگیا اس دور کے بعد کسی نے یہاں کی تعمیروترقی کیلئے کچھ بھی نہیں کیا،انہوں نے کہاکہ اس وقت سوات میں ہزاروں تعلیم یافتہ وہنرمند نوجوان ملازمتوں اورروز گارکیلئے دردرکی ٹھوکریں کھاتے نظر آرہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ آؤ آج عہد کریں کہ سوات میں ادھورے رہ جانے والے ترقی کے سفرکو دوبارہ شروع کریں اورمتحدہوکر اس علاقے کو ایک بارپھرترقی کی راہ پر گامزن کریں،اس موقع پر ضلعی کونسلرمیاں گل امیرزیب شہر یار،پرویش شاہین اوردیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں تمام ترسیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے قائدین،سماجی شخصیات،وکلاء،ڈکٹروں اورمختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افرادسمیت ڈویژن بھر سے لوگوں کی کثیرتعدادنے شرکت کی جنہوں نے باچاصاحب اور والئی سوات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
284 total views, no views today


