مینگورہ، کام چور افسران کیلئے سوات میں کوئی جگہ نہیں ، انٹی کرپشن عملہ افسران کو بلا وجہ تنگ نہ کریں ، ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ، ان خیالات کا اظہار ڈیڈک چیئرمین سوات ایم پی اے فضل حکیم خان نے ڈیڈ ک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی سید جعفر شاہ ، گران خان کے علاوہ ضلعی افسران اور تحصیل ناظمین نے شرکت کی،
اجلاس میں سید جعفر شاہ نے واضح کیا کہ کالام بازار انتہائی خطرناک صورت حال اختیار کرچکا ہے اور پانی کے زیادہ بہاو کی وجہ کسی بھی وقت کالام بازار دریا برد ہوسکتا ہے ، اس موقع پر انہوں نے مدین میں پی ٹی سی ایل اور ڈی ایس ایل کے سہولت کی بحالی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کالام روڈ کیلئے 48 کروڑ روپے ایمرجنسی بنیادوں پر فراہم کئے گئے تھے لیکن کالام روڈ پر کام کا نام و نشان نہیں ،انہوں نے کہا کہ ڈی ایف او کالام اور پرنسپل گورنمنٹ گرلز کالج مدین کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دیا گیا ہے ان کا فی الفور تبادلہ کیا جائے ، ڈیڈک چیئر فضل حکیم خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے ،ضلع میں کسی بھی کام چور افسر کو برداشت نہیں کیا جائیگا ، انہوں نے کہا کہ زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں کو فی الفور مکمل کیا جائے ، انٹی کرپشن کے حوالے کہاکہ انٹی کرپشن عملہ افسران کو بلا وجہ تنگ کررہے ہیں باز آجائے ، انہوں نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں افسران حاضری کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائیگی ، اجلاس میں تحصیل ناظم بحرین حبیب اللہ ثاقب ، خوازہ خیلہ ناظم عثمان علی اور دیگرنے اپنے مسائل سے ڈیڈک چیئرمین ایم پی اے فضل حکیم خان کواگاہ کیا ، اس موقع پر ڈسٹرکٹ کونسل کے خاتمے کے بعد زیر التوا ٹینڈروں کو متعلقہ ٹی ایم ایز میں جلد از جلد بھیجوانے کا فیصلہ کیا گیا اور یہ بھی فیصلہ ہوا کہ پیر کے دن سے مینگورہ شہر میں غیر قانونی کنکشنوں کے خلاف آپریشن کا آغاز ہوگا ، اجلاس میں معمولی نوعیت کے مقدمات میں ملوث قیدیوں کیلئے مینگورہ میں کرایہ کے بلڈنگ حاصل کرنے کی سختی سے ہدایت کی۔
325 total views, no views today


