ڈیرہ غازیخان / ہرنائی / لورالائی: گزشتہ رات سے ملک کے مختلف حصوں میں جاری موسلا دھار بارشوں نے جہاں موسم کو سرد کردیا ہے وہیں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں باپ اور بیٹے سمیت 8 افراد جاں بحق جب کہ 4 زخمی ہوگئے۔ ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز سے گرج چمک کے ساتھ شروع ہونے والی بارشوں کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آئے۔
بلوچستان کے ہرنائی کےعلاقے وام تنگی میں ایک گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے 3 بچے جاں بحق جب کہ 3 افراد زخمی ہوگئے. بلوچستان ہی کے ضلع لورالائی کی تحصیل دکی میں بھی آسمانی بجلی نے 2 افراد کی جان لے لی جب کہ بی آر کالونی میں بھی 1 شخص کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔
خیبر پختونخوا میں بھی ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے پائیگاں میں بھی موٹر سائیکل پر آسمانی بجلی گرنے سے باپ اور بیٹا جاں بحق جب کہ ایک شخص زخمی ہوگیا.
دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کے بعد ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ اور برف باری کے باعث سیاحتی مقامات پر سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں جب کہ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں اور برف باری کا یہ سلسلہ آئندہ 48 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
244 total views, no views today


