مینگورہ ۔کمشنر ملاکنڈ عثمان گل نے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنر ز کو زلزلہ ذدگان کی بروقت مدد کیلئے جلد از جلد مناسب اقدامات اٹھانے کا کہا ہے۔ کمشنر ملاکنڈ نے بدھ کے روز ضلع چترال کا دورہ بھی کیا۔انھوں نے جی او سی میجر جنرل نادر خان کے ہمراہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا چترال پہنچنے پر استقبال کیا اور نقصانات کے متعلق بریفنگ دی۔ کمشنر ملاکنڈ نے وزیر اعظم کو اس موقع پر بتایا کہ زلزلے سے ملاکنڈ ڈویژن کے ساتوں اضلاع اور باجوڑ ایجنسی متاثر ہوئے ہیں ۔کل 191افراد فوت اور 1375زخمی ہوئے ہیں ۔ 11971مکانات اور عمارات کو مکمل اور جزوی نقصان پہنچا ہے۔ سوات میں تلیگرام، گراسی گراونڈ ، منگلور اور سیدو شریف میں جبکہ دیر لوئر ، بونیر ، چترال اور شانگلہ میں بھی پاک آرمی، سول انتظامیہ اور پولیس کے کیمپ قائم کئے گئے ہیں ۔ پنجاب PDMAکیطرف سے زلزلہ ذدگان کیلئے دےئے گئے 2000ٹینٹس، 2000فوڈ پیک اور 10,000کمبل ملاکنڈ کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز کو ڈی سی ملاکنڈ کے توسط سے دےئے گئے ہیں۔ اور ان کو ہدایت کی گئی ہے۔ کہ وہ آج ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ سے مذکورہ سامان وصول کر کے جلد از جلد متاثرین میں شفاف طریقہ کار کے ذریعے تقسیم کریں۔ پنجاب حکومت کیطرف سے بیھجے گئے 100سے زیادہ ریلیف ورکرز جو کہ 1122سے تعلق رکھتے ہیں کو ڈسٹرکٹ چترال ، دیر لوئر اور ملاکنڈ میں تعینات کر دیا گیا ہے، مزید براں یونین کونسل کی سطح پر پاک آرمی ، سول انتظامیہ ، پولیس ، منتخب نمانئدوں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ جو کہ نقصانات کا مکمل تخمینہ ایک ہفتہ کے اندر متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو پیش کرینگے۔ تاکہ نقصانات کا معاوضہ دیا جا سکے۔ کمشنر ملاکنڈ کیطرف سے چترال سمیت تمام اضلاع کیلئے امدادی سامان کی فہرست بھی PDMAکو ارسال کی گئی ہے۔ جبکہ پاکستان نیوی اور پنجاب حکومت کیطرف سے بھی رابطے کئے گئے ہیں۔ اور پاکستان نیوی نے مٹہ سوات متاثرین کیلئے سامان روانہ کر دیا ہے۔
632 total views, no views today


