وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم متاثرین زلزلہ کی مدد کیلئے مکمل طور پر سرگرم عمل ہیں جسکی عملی مثال یہ ہے کہ وعدے کے مطابق چیکوں کی تقسیم سوموار کے دن سے مالاکنڈ ڈویژن میں شروع کی جاچکی ہے۔وزیراعظم پاکستان تیمرگرہ میں دیر سکاؤٹس کے ہیڈکواٹرزمیں متاثرین زلزلہ کو چیکوں کی تقسیم کی تقریب میں متاثرین زلزلہ سے مخاطب تھے۔انہوں نے کہاکہ زلزلہ ایک قدرتی آفت تھی جس کے بعد حکومت اور پاک فوج نے فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پرتمام علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا تھا۔انہوں نے کہا ہے کہ میں نے چترال ،شانگلہ اور آج تیمرگرہ میں ذاتی طور پر آپ لوگوں کی وجہ سے موجود ہوں تاکہ امدادی سرگرمیوں کے ہر مرحلے کی خود نگرانی کر سکوں ۔انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا شکریہ ادا کیا کہ جن کی ہدایت پر پاک فوج نے لبیک کہتے ہوئے متاثرین زلزلہ کی بحالی اور امداد کا آغاز کردیا۔انہوں نے جنرل آفیسر کمانڈنگ مالاکنڈ آرمی ڈویژن میجر جنرل نادر خان کا بھی شکریہ ادا کیا جو سیلاب کے متاثرین کے بعد اب زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے بھی سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کا پوری طرح احساس ہے کہ سردیوں کے موسم کا آغاز ہوچکا ہے چنانچہ حکومت کی کوشش ہے کہ شدید سردی کی آمد سے قبل یہ لوگ اپنے گھروں کی تعمیرومرمت سے فارغ ہو جاہیں اس لیے مالی مدد کا فوری طور پر آغاز کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللّلہ مالاکنڈ ڈویژن میں پاک فوج اور دوسرے ادارے اپنے اہداف جلد حاصل کریں گے قبل ازیں آمد پر جنرل آفیسر کمانڈنگ مالاکنڈ آرمی ڈویژن میجر جنرل نادر خان اور دوسرے فوجی آفسران نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
622 total views, no views today


