کراچی: چیئرمین تحریک انصاف اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق 5 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے کارکنان کو گرمانے کراچی پہنچ گئے۔ عمران خان اور سراج الحق کے کراچی ائیرپورٹ پہنچنے پر کارکنان کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا جب کہ دونوں پارٹی کے سربراہان ٹرک پر سوار ہوکر ریلی کی شکل میں اپنے مقام کی جانب رواں دواں ہیں جب کہ دونوں جماعتوں کی جانب سے مشترکہ ریلی کے باعث شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے اور کئی مقامات پر بدترین ٹریفک جام ہے۔ ریلی کا پہلا پڑاؤ ملینیئم مال پر ہوگا جس کے بعد نیپا،حسن اسکوائر اور پٹیل پاڑہ سے ہوتی ہوئی مزارقائد پہنچےگی۔ بغیراجازت ریلی نکالنے کی صورت میں دونوں جماعتوں کے خلاف مقدمہ درج کئے جانے کا امکان ہے جب کہ کمشنرکراچی شعیب احمد صدیقی کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے ریلی سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا لیکن باضابطہ اجازت نہیں مانگی گئی اوراگر ریلی نکالی گئی تو شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ کمشنرکراچی کو ریلی سے متعلق تحریری درخواست دی تھی لیکن جواب نہیں دیا گیا،اجازت دینا ہو تو درخواست پر چپ رہا جاتا ہے اوراگراجازت نہ دینا ہو تو فوراً جواب آجاتا ہے اس لئے خاموشی کو ہاں سمجھ لیا۔
598 total views, no views today


