مینگورہ ،سانحہ پشاور 2014کے شہیدوں کی یاد میں خپل کور فاؤنڈیشن میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمانڈنٹ کرنل نعیم نصرتھے اور اس میں چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان کے علاوہ ڈپٹی کمشنر سوات محمود اسلم وزیر، تحصیل بابوزئی کے ناظم اکرام خان ،اے سی اشفاق خان اور دیگر سول و فوجی افسران کے علاوہ منتخب نمائندوں اور معززین شہر نے بھی شرکت کی ۔تقریب میں مختلف سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے ،خاکے اور تقاریر پیش کیں۔اس موقع پر سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔کرنل نصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم ان ماؤں کو سلام پیش کرتے ہیں جنھوں نے اپنے پھول جیسے بیٹوں اور بیٹیوں کو قربان کیا اور آج ہم ان پر فخر محسوس کرتے ہیں انھوں نے کہا کہ جو عناصر ہمارے بچوں کے مستقبل کو تباہ کرتے ہیں ہم ان کو یاد دلاتے ہیں کہ پاکستان ہمارے خون سے آزاد ہوا ہے اور ہم اب بھی کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ڈیڈیک چیئرمین فضل حکیم خان نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے اور کسی کے آگے جھکنے کے لیے تیارنہیں انھوں نے سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہم ان کے والدین کو یہ پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ مایوس نہ ہوں ہم آ پ کے ہر دکھ دردمیں برابر کے شریک ہیں انھوں نے اس موقع پر سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے شہداء کے صدقہ کے لیے خپل کورفاؤنڈیشن کے یتیم طلباء کے لیے 10لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا ،تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں نے بہتر کارکردگی پیش کرنے والے طلباء اور طالبات میں انعامات تقسیم کیے ۔علاوہ ازیں گورنمنٹ ودودیہ ہائی سکول اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سیدو شریف میں بھی دو بڑی بڑی تقریبات منعقد ہوئیں جن کے مہمان خصوصی بالترتیب ضلع کونسل کے ممبر ارشاد خان اور ڈی ای او زنانہ سوات تھے تقریبات میں سانحہ کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اسی طرح اضلاع سوات ،بونیراور شانگلہ کے مختلف سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں تعزیتی تقریبات منعقد کی گئیں جن میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور مرحومین کے لیے دعائیں کی گئیں ۔
578 total views, no views today


