مری: وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ مری کے عوام کے ساتھ کیے گئے تمام وعدے اگلے ڈھائی سال میں پورے کیے جائیں گے جب کہ موجودہ حکومت کی مدت میں لوڈشیڈنگ پر قابو پالیا جائے گا۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے جنرل پوسٹ آفس مری کی نئی تزئین وآرائش شدہ عمارت کا افتتاح کیا اور مر ی میں جدید مشینری اور سہولتوں سے آراستہ ایک اسپتال اور یونیورسٹی کی تعمیر کا اعلان کیا
جب کہ اس موقع پر جی پی او چوک پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مری کے لوگوں کے ساتھ کیے گئے ترقی کے وعدے اگلے ڈھائی سال میں پورے کیے جائیں گے جب کہ موجودہ حکومت کی مدت میں لوڈشیڈنگ پر قابو پالیا جائے گا۔
وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ مری کے لیے پانی کی فراہمی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے لہٰذا پانی کی قلت پر جلد قابو پالیا جائے گا جب کہ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی میں خود کروں گا اور اس سلسلے میں مطلوبہ رقوم کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف کے زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء پرویزرشید ، شاہد خاقان عباسی اور پنجاب کے وزیر راجہ اشفاق سرور نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں حمزہ شہباز اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے جی پی او کی عمارت کے مختلف حصوں اور پوسٹل میوزیم کا معائنہ کیا جہاں انہیں عمارت کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔
واضح رہے جی پی او مری کی عمارت تزئین وآرائش کے بعد 1930 کی اصل حالت میں بحالی کی گئی ہے۔
265 total views, no views today


