اسلام آباد: وزارت پانی و بجلی نے وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ایک ہفتے کے دوران دو مرتبہ بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن پر این ٹی ڈی سی کے ایم ڈی کو عہدے سے ہٹانے اور بورڈ کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزرات پانی وبجلی نے اسلام آباد سمیت ملک کے بڑے حصے میں ایک ہفتے میں دو بار بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کا ذمہ دار نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی ( این ٹی ڈی سی) کو قرار دیتے ہوئے کمپنی کے مینیجنگ ڈائریکٹر ارشد چوہدری کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت پانی و بجلی نے ایم ڈی این ٹی ڈی سی کو عہدے سے ہٹانے اور کمپنی کے بورڈ کو تحلیل کرنے کی سمری منظوری کے لیے وزیراعظم کو ارسال کردی ہے۔ درخواست میں این ٹی ڈی سی کے چیئرمین وقار زکریا سمیت 8 رکنی بورڈ کو تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ 7 روز کے دوران ملک میں بجلی کے دو بڑے بریک ڈاؤن ہوئے جس کے باعث اسلام آباد سمیت ملک کے بڑے شہروں سمیت متعدد علاقے بھی اندھیرے میں ڈوبے رہے جب کہ بریک ڈاؤن قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہوا جس سے ایوان بھی اندھیرے میں ڈوب گیا۔
426 total views, no views today


