اسلام آباد: حکومتی کوششوں کے باعث قومی ایئر لائن کا اندرون اور بیرون ملک فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال ہوگیا ہے۔ حکومت 6 روز کی کوششوں کے بعد پی آئی اے کا اندرون اور بیرون ملک فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ اتوار کی علی الصبح قومی ایئر لائن کے 2 بوئنگ 777 طیارے راولپنڈی کے بےنظیرایئرپورٹ سے جدہ روانہ ہوئے جو وہاں موجود سیکڑوں معتمرین کو واپس لائیں گے۔
جدہ جانے والی پرواز پی کے 7329 کو کیپٹن آصف گیلانی اور کیپٹن طارق چوہدری جب کہ پی کے 741 کو کیپٹن میاں طاہر ریحان اور کیپٹن لیاقت حسین اڑا رہے ہیں۔
راولپنڈی سے ہی پی آئی اے کی پرواز پی کے 606 مسافروں کو لے کر گلگت پہنچ گئی ہے جب کہ یہ پرواز وہاں موجود 200 سے زائد افراد کو واپس بھی لے کر آئے گی۔
ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جدہ اور گلگت جانے والی پروازوں کا تمام عملہ اور گراؤنڈ اسٹاف قومی ایئر لائن سے ہی تعلق رکھتا ہے۔ وہ پی آئی اے کے عملے سے اپیل کرتے ہیں وہ غیر مشروط طور پر اپنے فرائض دوبارہ سنبھال لیں۔
دوسری جانب ملک کے دیگر ہوائی اڈوں سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن مکمل طور پر معطل ہے۔ کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ڈیرہ اسماعیل خان، سکھر، رحیم یار خان اور ملتان کے ہوائی اڈوں سے قومی ایئر لائن کی کوئی ملکی یا غیر ملکی پرواز آج بھی اڑان نہیں بھرے گی۔
367 total views, no views today


