مینگورہ، کالام روڈ کی تعمیر میں مسلسل تاخیر کیخلاف بحرین، کالام، اوشو، اتروڑ اور دیگر علاقوں کے عوام کا احتجاجی مظاہرہ، حکومت کو روڈ پر تعمیراتی کام شروع کرانے کیلئے دوہفتے کی ڈیڈلائن، کام شروع نہ ہونے کی صورت میں اسلام آبادمیں دھرنا دینے کی دھمکی دے دی، اس سلسلے میں میں گذشتہ روز کالام بحرین اور دیگر علاقوں کے عوام نے احتجاجی مظاہرہ کیا ،مظاہرین پلے کارڈ اور بینرز اٹھائے نعرے لگاتے ہوئے جلوس کی شکل میں سوات پریس کلب کے سامنے پہنچ گئے ،مقررین نے مظاہرین اوربعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کیا،اس موقع پر بحرین کے تحصیل ناظم حبیب اللہ ثاقب اوردیگر نے کہاکہ کالام اوربحرین قدرتی حسن سے مالامال ہیں جہاں پر قدرتی وسائل کی کوئی کمی نہیں مگر روڈکی بدحالی کی وجہ سے یہاں پر نہ صرف سیاحت اور معیشت بلکہ دیگر تمام شعبوں کوبھی سخت نقصان پہنچ رہاہے،انہوں نے کہاکہ 2010کو آنے والے سیلاب کی وجہ سے کالام بحرین کی 36کلو میٹر روڈ تباہ ہوئی اوراس وقت سے لے کر آج تک یہ روڈ اسی حالت میں پڑی ہے،انہوں نے کہاکہ مختلف اوقات میں اس روڈکے نا م پر فنڈ ریلیز ہوئے مگر ان کا کوئی پتہ نہیں چلا کہ کہاں خرچ ہوئے لہٰذہ اس سلسلے میں کمیٹی بناکر فنڈکے بارے میں تحقیقات کی جائیں،انہوں نے کہاکہ روڈکی تعمیر کیلئے اہل علاقہ نے جرگے کئے اورمختلف اوقات میں حکومتی ذمہ داروں سے ملاقاتیں کیں مگر وہاں سے صرف یقین دہانیاں ہوئیں عملی کام نہیں ہوا،ہرطرف سے مایوس ہوکر آج ہم نے روڈکی تعمیر میں تاخیر کیخلاف احتجاج کا آغازکرلیا ہے اوراس مقصد کیلئے تمام سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے متحدہوکر روڈکی تعمیر کیلئے جدوجہدشروع کی ہے جو روڈکی تعمیرتک جاری رہے گی،انہوں نے کہاکہ کالا م ،بحرین اورملحقہ علاقے انتہائی خوبصورت ہیں مگر حکومت ان علاقوں کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھ رہی ہے ،کسی بھی حکومت نے ان علاقوں کی ترقی پر توجہ نہیں دی،انہوں نے کہاکہ ریاستی دورمیں یہاں ٹیلی فون کی سہولت موجود تھی مگر اس جدید دورمیں یہاں پر فون اورانٹر نیٹ کی سہولت موجود نہیں،غربت اور مسائل ومشکلات کی وجہ سے بیشتر لوگ ملک کے دیگر علاقوں میں محنت مزدوری پر مجبورہیں،روڈکی بدحالی کی وجہ سے مریضوں کو بروقت ہسپتال تک نہیں پہنچاپاتے اور بیشتر مریض راستے ہی میں دم توڑ جاتے ہیں،انہوں نے کہاکہ کالام ،بحرین اوریہاں کے دیگرعلاقوں کے لوگوں نے ملک وقوم کی خاطر قربانیاں دی ہیں مگران محب وطن لوگوں کو ہر دورمیں نہ صرف نظراندازکیا گیا بلکہ پسماندہ بھی رکھا گیا،انہوں نے کہاکہ اگر دوہفتوں کے اندراندرکالام روڈپر تعمیراتی کا م کا آغاز نہیں ہوا تو اسلام آباد میں دھرنا دینے پر مجبورہوجائیں گے،اس موقع پر ملک غزن خان،ملک فریداللہ،ملک حسن زیب،ملک عقل زادہ،نصراللہ انصاری،ملک گل زادہ،ملک محمداقبال،ضیاء الحق،ملک امیرسید،رحمت دین صدیقی اوردیگربھی موجودتھے۔
664 total views, no views today


