چٹاگانگ: ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا اور نیوزی لینڈ نے اپنے اپنے میچ جیت کر ٹورنامنٹ کا کامیاب انداز میں آغاز کیا ہے۔
ہفتے کو کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں سری لنکا نے دلچسپ مقبلے کے بعد جنوبی افریقہ کو پانچ رنز سے شکست دی۔
سری لنکا نے کشال پریرا کے 40 گیندوں پر بنائے گئے جارحانہ 61 رنز کی بدولت 165 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا، اینجلو میتھیوز نے 43 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ نبھایا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے عمران طاہر تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ ڈیل اسٹین اور مورنے مورکل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنا سکی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے جے پی ڈومینی نے 39 جبکہ کوئنٹن ڈی کوک 25 اور کپتان اے بی ڈی ویلیئرز 24 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بلے باز رہے۔
سری لنکا کی جانب سے سچترا سنایا نائیکے دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ پریرا کو جارحانہ بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی چنا
گیا۔
ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ 1 کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت نو رنز سے شکست دے دی۔
ٹاس ہارنے پر بیٹنگ کی دعوت ملنے پر انگلش ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 172 رنز اسکور کیے، معین علی 36، مائیکل لمب 33 اور جوز بٹلر 32 رنز کے ساتھ کامیاب بلے باز رہے۔جواب میں نیوزی لینڈ نے جارحانہ انداز میں پدف کا تعاقب شروع کیا اور 5.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 52 رنز ہی بنائے تھے کہ میچ میں بارش نے مداخلت کر دی۔ اس کے بعد تیز بارش کے باعث میچ کو دوبارہ شروع نہ کیا جا سکا۔
ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت کیویز کو اتنے میں 44 رنز بنانے چاہیے تھے اور اس لحاظ سے وہ نو رنز سے میچ میں فاتح قرار دیے گئے۔
دو وکٹیں لینے والے نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ایونٹ میں کل گروپ 2 کے دو میچز میں کھیلے جائیں گے جہاں پہلے میچ میں پاکستان کی ٹیم آسٹریلیا کا سامنا کرے گی جبکہ دوسرے میچ میں انڈین ٹیم کو دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈین ٹیم کا چیلنج درپیش ہو گا۔
838 total views, no views today


