ممبئی: بالی ووڈ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والے پاکستانی اداکار فواد خان نے کہا کہ بھارتی فلم نگری میں کئی فلموں میں پیشکش ہوئی لیکن قابل اعتراض مناظر کے باعث ان فلموں میں کام سے منع کیا۔
پاکستانی ڈراموں سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار فواد خان اپنی پرکشش شخصیت کے باعث بے حد مقبولیت رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہیں پاکستان کے علاوہ بھارت میں بھی یکساں شہرت حاصل ہے جب کہ فواد خان نے بالی ووڈ میں اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’خوبصورت‘‘ سے کیا جسے شائقین نے بے حد سراہا اور انہیں کئی فلموں میں کام کرنے کی بھی پیشکش کی گئی تاہم اپنی قابل اعتراض مناظر کی عکس بندی نہ کرانے کی پالیسی کے باعث وہ کئی فلموں میں کام سے انکار کرچکے ہیں۔
اپنے انٹر ویو میں اداکا ر فواد خان کا کہنا تھا کہ قابل اعتراض مناظر کی عکس بندی سے جھنجھلاہٹ ہے اسی لیے ایسے اسکرپٹ والی فلموں میں کام سے انکار کردیتا ہوں کیوں کہ پاکستان میں میرے مداح مجھ سے اس طرح کے کردار کی بالکل توقع نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ میں کئی فلموں میں کام کی پیشکش ہوئی ہے لیکن قابل اعتراض مناظر کے باعث ان فلموں میں کام سے منع کیا جس میں اداکارہ سونم کپور کے ساتھ فلم ’’بیٹل آف بٹورا‘‘ بھی شامل ہے ۔
واضح رہے کہ فواد خان اپنی نئی آنے والی فلم ’’کپور اینڈسنز‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جس میں ان کے مدمقابل اداکار سدھارت ملہوترا اور عالیہ بھٹ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
1,472 total views, no views today


