بریکوٹ، محکمہ زراعت کے صوبائی ڈائریکٹر جنرل اقبال حسین خان نے کہاہے کہ صوبائی حکومت شعبہ زراعت کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے زراعت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔سوات میں انصاف فوڈ سیکورٹی پروگرام اور فوڈ سیکورٹی بہت کامیابی سے چل رہے ہیں ۔انشاء اللہ انصاف فوڈ سیکورٹی کے تحت فراہم کئے گئے بیج سے ریکارڈ گندم کی فصل ہوگی کیونکہ اس وقت بہتر ین گندم کی فصل سے معلوم ہورہا ہے کہ سوات کے زمینداروں نے بہت محنت کی ہے ۔ہماری کوشش ہوگی کہ مستقبل میں بھی سوات کے زمینداروں کو معیاری اور بہترین بیج کے فراہمی کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات کی فراہمی کوبھی یقنی بنائیں ۔زراعت ہمارے ملک کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اس لئے محکمہ زراعت اور زمیندار باہمی تعاون سے زراعت کے فروغ کے لئے اقدام اٹھائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات کے مختلف علاقوں کبل ،شموزئی ، بریکوٹ اورکوٹہ کے زمینداروں سے ملاقات کے دوران کیا ۔اس موقع پر ضلع سوات کے ڈائر یکٹرمحمد عزیرخان ،زرعی فارم سروسز بریکوٹ کے انچارج مشتاق خان ، زرعی فارم سنٹر بریکوٹ کے جنرل سیکرٹری و پی ٹی آئی کے رہنما محمد شاہ خان بھی موجود تھے ۔زمیندارں کے نمائندے کی حیثیت سے محمد شاہ خان نے کہاکہ میں سب سے پہلے میں صوبائی حکومت اور محکمہ زراعت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے گندم کی پیداوار میں اضافے کے لئے زمینداروں میں مفت معیاری بیج تقسیم کردئیے اوربیج کی تقسیم بہت شفاف اور میرٹ پر ہوئی ہے ابھی تک کسی بھی علاقے سے شکایات موصول نہیں ہوئی ہیں جوکہ محکمہ زراعت کی بہترین حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔صوبائی حکومت نے میرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے قبال حسین خان کو صوبائی ڈائریکٹر کا عہدہ دیا ہے جس کی ایمانداری اور قابلیت کا آج یہی ثمر ہے کہ انصاف فوڈ سیکورٹی پروگرام اور فوڈ سیکورٹی سوات میں کامیابی سے چل رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ انصاف فوڈ سیکورٹی پروگرام کا سلسلہ جاری رہے اور اس کے ساتھ ساتھ کھاد اور زرعی ادویات کی مفت فراہمی بھی شروع کیا جائے تاکہ زمنیداروں کو مزید ریلیف بھی مل جائے ۔بعد میں صوبائی ڈائریکٹر نے کہاکہ صوبائی حکومت زراعت کے بہتری کے لئے مزید اقدامات کررہی ہے انہوں نے اپنے سٹاف کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ زرعی فارم سروسز اور زمینداروں کے درمیان فاصلوں کو مکمل طور پر ختم کریں اور ان کے جو بھی مسائل سامنے آتے ہوں فوری طور پر حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں ۔
796 total views, no views today


