سوات ، ، فوک میوزک ہمارے ثقافت کا حصہ ہے اور تحصیل کی سطح پر موسیقی پروگراموں کے انعقاد سے حجرہ کلچرل بحال ہوگی۔ امن کی پائیدای ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے ممکن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار محکمہ ثقافت کے ریچ پراجیکٹ کے تحت سوات یوتھ فرنٹ کے زیر اہتمام حجرہ داؤ دخان توتانو بانڈئی میں منعقدہ محفل موسیقی سندریز ماخام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی خورشید خان نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج سالوں بعد توتانو بانڈئی میں رات کے وقت بڑی عوامی تقریب منعقد ہوئی ہے اور اس تقریب کا انعقاد امن دشمنوں کی شکست اور امن پسندوں کی جیت کی علامت ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ سوات کے مخدوش حالات میں حجرہ کلچرل کو شدید نقصان پہنچاہے اور اس قسم کے پروگراموں کے انعقاد سے حجرہ کلچرل بحال ہوگی جو امن بھائی چارے اور برداشت کیلئے ضروری ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سوات یوتھ فرنٹ کے پروگرام آفیسر حارث بدر نے محکمہ ثقافت کے ریچ پراجیکٹ کے تحت سوات میں جاری سرگرمیوں پرروشنی ڈالی اور مستقبل میں ثقافتی سرگرمیاں جاری کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سندریز ماخام پروگرام میں علاقے کے ممتاز گلوکاروں بخت یار علی ، عمران ، کرامت خالد اور دیگر نے مصروف لوک گیت اپنے خوبصورت آواز میں پیش کرکے شرکاء تقریب سے زبردست داد وصول کی ۔ اس موقع پر جوشیلے نوجوانوں اور بوڑھوں نے بنگڑہ ڈال کر محفل موسیقی کو چار چاند لگائے۔ تقریب میں منتخب عوامی نمائندوں کے علاوہ تو تانو بانڈئی اور آس پاس کے دیہات سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار سے زیادہ افراد نے شرکت کی ۔ شرکاء تقریب نے میڈیا کے نمائندوں کو اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے سندریز ماخام کے انعقاد کو لہرایا اور لوگوں کے دلوں سے دہشت گردوں کا خوف نکالنے کیلئے اس قسم کے پروگراموں کے متواتر انعقاد کا مطالبہ کیا۔
716 total views, no views today


