سوات، امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف کی خارجہ اور معاشی پالیسیوں نے ملک کو مسائل سے دوچار کردیا ہے ، پانامہ پیپرز میں نوازشریف اور ان کے خاندان کا نام آنے سے پاکستان کا امیج بری طرح متاثرہوا۔ نوازشریف کے علادہ بیوروکریٹس ، صحافی اور دیگر سیاستدان بھی اس میں ملوث ہیں ۔ پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے چیف جسٹس کی سربراہی میں تحقیقات ہونی چاہئے۔ پاکستان اور کرپشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے ،پاکستان میں روزانہ 12ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے جس کے خاتمے کے لئے پولیو جیسے قطرے سیاست دانوں کو پلائے جائیں ،ایوانوں میں بیٹھے لوگوں میں سے کسی کا دامن صاف نہیں،سب لٹیرے ہیں ،ملاکنڈ ڈویژن میں کسٹم کا نفاذ کسی صورت منظورنہیں فی الفور واپس لیا جائے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ حقانیہ سنگوٹہ سوات میں ختم بخاری شریف ودستار بندی کی تقریب سے خطا ب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان ،ضلعی امیر مولانافضل سبحان ،سابق ایم این اے ڈاکٹر عطاء الرحمن ،حافظ اسرار احمد ،مولانالطف اللہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ،انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن گزشتہ دو عشروں سے کشیدہ حالات سمیت مختلف قدرتی آفات کا شکا ررہا ہے ،یہاں کا انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہونے کی بناء پر لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے چاہئے تھے نہ کہ ٹیکس لگا کر انہیں مزید پریشان کیا جائے ۔ سوات کی پاکستان سے ادغام کے وقت 32 معاہدے ہوئے تھے جس میں ٹیکس کا نفاذ نہ ہونے کا معاہدہ بھی شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میںآکرملک سے کرپشن کا خاتمہ کرے گی ، سوات میں فوجی آپریشن کے بعد بحالی کے لئے وفاق کے ذمے اب بھی 100 ارب روپے باقی ہیں جسے فی الفور ادا کیا جائے، انہوں نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اقتدار میںآکرملک میں یکساں نظام تعلیم، صحت سہولیات اورانصاف کی بروقت فراہمی سمیت مساجد کے علماء کو قومی خزانے سے تنخواہیں اد ا کرے گی۔ ا س کے علاوہ ضعیف العمر افراد کے لئے بڑھاپا الاؤنس اور بے روزگار نوجوانوں کے لئے روزگار کی فراہمی تک روزگار الاؤنس بھی فراہم کیا جائے گا۔ ملاکنڈڈویژن میں کسٹم ایکٹ کے نفاذ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ایک ظالمانہ فیصلہ ہے جس نے پورے ڈویژن کے لوگوں کو اضطراب میں مبتلا ء کردیا ہے لہذا صوبائی حکومت اسے واپس کرنے کی سمری بنانے کا اعلان کرے تاکہ لوگوں کی بے چینی ختم ہوسکے۔ حقوق نسواں بل کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ مغرب کے مفادا ت پر مشتمل ایجنڈا ہے جسے ہم پاکستان میں خاندانی نظام برباد کرنے کا بل سمجھتے ہیں۔ صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ۔انہوں نے یہ کہا کہ حکومت ملاکنڈ ڈویژن کو پاک چائنا کوریڈور منصوبے میں شامل کرائے تاکہ یہ پسماندہ علاقہ بھی ترقی کی دوڑ میں شامل ہوسکے ۔
542 total views, no views today


