ضلع سوات میں محکمہ تعلیم اور معاون تنظیموں عورت فاؤنڈیشن، لاسونہ، الف اعلان، این سی ایچ ڈی اور ایس آر ایس پی کی مشترکہ تعاون سے سکول داخلہ مہم 2016 کا با قاعدہ آغاز پُروقار تقریب سے ہوا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر سوات عاطف الرحمٰن، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حافظ ابراہیم، ڈسٹرکٹ پلاننگ آفیسر جمعہ خان اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے دیگر افسران اور پرنسپلان حاحبان کے علاوہ سماجی تنظیموں، میڈیا اور مختلف مکتب فکر کے افراد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سوات نےمحکمہ تعلیم اور معاون سماجی تنظیموں کی کاوشوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع سوات کو تعلیم کے حوالے سے ایک مثالی ضلع بنا کر دم لیں گے انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے ذریعے عوام کی سوچ میں مثبت تبدیلی لائیں گے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حافظ ابراہیم نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ خود گھر گھر جا کر والدین سے استدعا کریں گے کہ اپنے بچوں کو سکول میں داخل کرائیں۔ تقریب سے عورت فاؤنڈیشن کے ڈسٹرکٹ کوارڈینیر نثار عالم، لاسونہ تنظیم کے منیجر ایجوکیشن نصیر، الف اعلان کے نمائندے ڈاکٹر جواد اقبال،ایس آر ایس پی کے اختر علی اوراین سی ایچ ڈدی کے ڈسٹرکٹ منیجر طاہر رحمان نے بھی خطاب کیا۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ذوالفقار ملک نے تمام شرکاء اور مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ایک واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔
606 total views, no views today


