سوات، سیدو ٹیچنگ سوات کے ڈاکٹروں نے گزشتہ رات سنٹرل ہسپتال کی کیجولٹی میں ڈیوٹی پر موجودڈاکٹر سے پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے فضل حکیم کی بد تمیزی اور دھونس دھمکی والے رویے کے خلاف آج مظاہرہ کیا۔ سنٹرل ہسپتال میں ہونے والے مظاہرہ میں سیدو ٹیچنگ ہسپتال کے ینگ ڈاکٹروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ ان کی پارٹی کے ایم پی اے کی جانب سے اس رویے پر ان سے جواب طلب کیا جائے۔
ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ مقامی ایم پی نے ہسپتال میں ڈاکٹروں کے لیے کام کرنا مشکل بنا دیا ہے اور اگر یہی رویہ رہا تو ان کے لیے سرکاری فرائض انجام دینا مشکل ہو جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صحت کے انصاف کے نام پر ڈاکٹروں کو ہراساں کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ رات مقامی ایم پی اے فضل حکیم اپنے پارٹی کے ورکروں کے ہمراہ اس وقت کیجولٹی میں زبردستی گھس آئے جب ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر جمیل احمد مریضوں کا معائنہ کر رہے تھے۔ ایم پی اے نے مبینہ طور پر تھرمامیٹر سے مریض کا بخار نہ چیک کرنے پرڈاکٹر جمیل احمد کے ساتھ بد تمیزی شروع کی اور انھیں کام سے روکنے کی کوشش کی۔ موصوف کافی دیر تک کیجولٹی میں اسٹاف کے ساتھ بد تمیزی کرتے رہے اور موبائل سے ویڈیو بھی بناتے رہے جسے بعد میں فیس بک پر بھی اپ لوڈ کی۔دریں اثناء پراونشل ڈاکٹرز ایسوسیشن کا بھی ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں مذکورہ واقعے کی مزمت کی گئی اور واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی بنائی گئی جو کہ ڈاکٹر جمیل احمد کے ساتھ ہونے والے اس واقعے کی تحقیقات کرے گی۔
459 total views, no views today


