سوات ، کمشنر ملاکنڈڈویژن عثمان گل نے ہدایت کی ہے کہ ایکسلشیر کالج سوات کا تعمیراتی کام 31 اگست تک ہر حال میں مکمل کیا جائے۔یکم ستمبر کو وہ کالج کا دوبارہ معائنہ کریں گے اور عدم تکمیل کی صورت میں قانونی کارروائی کر یں گے۔وہ پیر کے روزسنگوٹہ پبلک سکول اور ایکسلشیر کالج سوات کے معائنہ کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔اس موقع پر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو، پارسا اور انتظامیہ کے افسران ان کے ہمراہ تھے۔کمشنر نے تعمیراتی کام خصو صاً مسجد اور ہاسٹل میں تاخیر پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس میں کوتاہی کی کسی قیمت پر اجازت نہیں دی جا سکتی ۔
انھوں نے افسران کو کالج کی چاردیواری کی تعمیر ،تعمیراتی کام کی تکمیل ،فرنیچرکی فراہمی اور دیگر ضروریات پوری کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس سلسلے میں ضروری دستاویزات تیار کرکے ان کی منظوری حاصل کی جائے کیونکہ دونوں اداروں میں پہلے ہی اضافی فنڈز موجود ہیں۔سنگوٹہ پبلک سکول کے پرنسپل نے کمشنر کو بتایا کہ سکول کی عمارت کے مختلف حصوں میں چھتوں سے پانی کی لیکج بند کرنے اور چاردیواری بھی اونچی کرنے کی ضرورت ہے۔اس پر کمشنر نے ایکسین سی اینڈ ڈبلیو کو فوری طور پر مناسب اقدا مات اٹھانے کی ہدایت کی۔کمشنر نے دونوں اداروں میں مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور بچوں کو نصیحت کی کہ وہ شوق اور جذبے کے ساتھ علم حاصل کریں تاکہ ملک و قوم کیلئے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے سکیں ۔انھوں نے دونوں اداروں کے اساتذہ اور عملہ سے بھی ملاقات کی۔ ان کے مسائل سنے اور یقین دلایا کہ تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر بتدریج حل کئے جائیں گے اور حالت کار کو بہتر بنایا جائے گا۔کمشنر نے سکول اور کالج کے تعلیمی معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمشنر نے یقین دلایا کہ میں ان اداروں کے معاملات کی براہ راست نگرانی کر وں گاتاکہ تمام اہداف مقررہ اوقات میں حاصل ہو سکیں۔
263 total views, no views today


