کبل، سوات کی تحصیل کبل میں پولیس موبائل پر فائرنگ ،اے ایس آئی سمیت 3 اہلکارزخمی، سرچ آپریشن کے دوران جوابی کارروائی میں تین حملہ آور ہلاک کردئیے گئے ۔ڈی پی او سوات محمد سلیم مروت کے مطابق گزشتہ رات تحصیل کبل کے علاقے توتانوبانڈئے میں معمول کی گشت پر مامور پولیس موبائل وین پر پہلے سے تاک میں بیٹھے نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کی جس سے ایک اے ایس آئی رفیع اللہ اسپیشل پولیس فورس اہلکار جہانگیر اور ریگولر پولیس اہلکار ایا ز شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ، وقوعہ کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آروں کی تلاش میں سرچ آپریشن شروع کیااور علی الصبح منجہ کودری کے مقام پر حملہ آوروں سے ایک بار پھر مڈبھیڑ ہوگئی اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں تین حملہ آور مارے گئے ، بعد ازاں تینوں ہلاک شدگان کی لاشیں تھانہ کبل میں لاکر شناخت کیلئے رکھی گئیں ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او سلیم مروت نے کہا کہ سوات پولیس پوری طرح الرٹ ہے اور وہ کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے اور سوات کا امن خراب کرنے والے عناصر کی سرکوبی میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔
512 total views, no views today


