سوات،سوات میں دیگر اضلاع سے چوری شدہ گاڑیوں کے خلاف قائم انٹی کارلفٹنگ سیل نے 63چوری شدہ گاڑیاں برآمد کرکے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کردئے ،بیشتر گاڑیاں عدالت کے ذریعے مالکان کے حوالے کردی گئی ہیں ،سوات میں دسمبر میں قائم کئے جانے والے سیل نے اب تک 4570گاڑیوں کی مخصوص موبائل سم کے ذریعے چیکنگ کی ،آٹو سکریپ کی آڑ میں کٹ گاڑیوں پر پابندی لگادی گئی ہے
اور اب ورکشاپوں میں بھی ان گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،ان خیالات کا اظہار ڈی پی او سوات شیر اکبرخان نے اپنے دفتر گل کدہ میں سوات کے پریس کلب کے چیئرمین رشیداقبال کی قیادت میں سینئر صحافیوں سے گفتگو اور بعد ازاں کانجو میں انٹی کارلفٹنگ سیل کے دفتر میں میڈیاکو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ،اس موقع پر انٹی کارلفٹنگ سیل کے انچارج ڈی ایس پی رشید اقبال ،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرمبارک خان اور دیگر پولیس حکام بھی موجود تھے ،ڈی پی او سوات شیر اکبرخان نے کہاکہ سوات میں مثالی امن قائم ہے تاہم پولیس جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور مہم چلارہی ہے اور ساتھ ہی ملک کے دیگر علاقوں میں چوری شدہ گاڑیاں سوات لانے کی روک تھام اور اس میں ممکنہ جرائم کے پیش نظر انٹی کارلفٹنگ سیل قائم کردیاگیا ہے گذشتہ سال کے دسمبر میں قائم کئے جانے والے اس سیل نے اب تک ضلع بھر میں 4570گاڑیوں کی سوات پولیس کو فراہم کردہ مخصوس کمپیوٹرائزڈ موبائل سم کے ذریعے چیکنگ کی ہے انہوں نے کہا کہ سیل نے اس دوران ملک کے مختلف علاقوں سے 63چوری شدہ گاڑیوں کو برآمد کیا ہے اور ملزمان کو حراست میں لیکر ان کے خلاف مقدمات درج کردئے گئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں اسلام آباد،لاہور،راولپنڈی ،کوئٹہ اور دیگر علاقوں کے تھانوں میں ان گاڑیوں کی چوری ہونے کی ایف آئی آرز درج کروادی گئی تھیں ، انہوں نے کہاکہ چوری شدہ گاڑیاں ممکنہ طور پر جرائم میں استعمال کی جاسکتی ہیں اس لئے اس کے خلاف ہماری مہم جاری رہے گی اور اب سڑکوں سے ہٹ کر زیرزمین چھپائی گئیں گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی ،انہوں نے کہاکہ سوات میں آٹو سکریپ کے نام سے کٹ گاڑیوں پر دفعہ 144کے تحت پابندی عائد کردی گئی ہے اور اب یہ دائرہ مزید بڑھا کراب ان کے خلاف ورکشاپوں میں بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہاکہ سوات میں منشیات فروشوں اور دیگر سماج دشمن عناصر کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے جس میں پولیس کو عوام کے تعاون سے اہم کامیابیاں بھی مل رہی ہیں انہوں نے کہاکہ عوام کے جان ومال کی حفاظت کے لئے پولیس مستعد ہے اور انشاء اللہ اس ضمن میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ،انہوں نے کہاکہ سوات میں قیام امن کے لئے صحافیوں کا کردار بھی قابل ستائش ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ آئندہ بھی امن عامہ کے لئے اپنا بھرپور کرداراداکریں گے۔
479 total views, no views today


