سوات، گراسی گراؤنڈ مینگورہ میں جاری آٹھ روزہ فہم القرآن کلاس دعا اور رقت آمیز مناظر کے ساتھ اختتام پذیر۔ فہم القرآن کلاس کا آغاز دس جولائی کو ہوا تھا ۔ قرآن کلاس کے مدرس جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر و انچارج شعبہ فہم دین مولانا محمد اسماعیل تھے۔ قرآن کلاس کے آخری روز درس دیتے ہوئے مولانا محمد اسماعیل نے کہا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی قرآن و سنت کو مضبوطی سے تھامنے، اس کے نظام کو نافذ کرنے اور اس پر عمل کرنے میں ہے۔ قرآن تمام زمانوں کے لئے ہے اور اس میں زندگی گزارنے کے تمام اصول موجود ہیں۔دنیا میں بدامنی اور بے چینی قرآنی تعلیمات اور قرآنی نظام سے دوری کی وجہ سے ہے۔ قرآن کا نظام نافذ ہوگا تو دنیا امن کا گہوارہ بن جائے گی۔ انہوں نے کہا ترکی میں فوجی بغاوت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ رجب طیب اردگان کو ملک میں اسلامی اصلاحات نافذ کرنے کی سزا دی جارہی ہے۔ ترکی کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے فوجی بغاوت کو ناکام بناکر ترک مخالف قوتوں کے عزائم خاک میں ملادیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت سود پر چل رہی ہے۔ حکمران سود کو تحفظ دینے اور سودی نظام کو دوام دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ سود اللہ تعالیٰ سے جنگ ہے۔ ہم ملک میں سودی نظام کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کا حل اسلامی نظام کے قیام میں ہے۔ ملک میں اسلامی نظام نافذ ہوگا تو کرپشن ، مہنگائی ، بدامنی اور دیگر مسائل کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے اختتامی دعا میں پاکستان اور عالم اسلام میں امن، خوشحالی اور استحکام کے لئے خصوصی دعاکی۔
782 total views, no views today


