بریکوٹ، قومی جرگہ تحصیل بریکوٹ کے سرپراست اعلیٰ عبدالغفار خان نے کہاہے کہ حالیہ سیلاب نے دریائے سوات کا رخ تبدیل کرکے تحصیل بریکوٹ کے تقریباً پانچ دیہات کو شدید متاثر کردیا ہے ۔علاقہ ڈیڈہ ور میں دریائے سوات کا پانی گھر وں میں بھی داخل ہو چکا ہے ۔حکومت فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر پشتے تعمیر کرے بصورت دیگر علاقہ گمبتھونہ،ڈیڈہ ور،ملک آباد،تیر نگ ودیگر علاقوں کے آبادی اور قیمتی اراضیوں کا بہہ جانے کا خدشہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے کیا۔انہوں نے کہاکہ حالیہ تیز بارشوں کی وجہ سے دریائے سوات میں پانی کی سطح میں حد درجہ اضافہ ہوا تھا جس کی وجہ سے دریائے سوات نے اپنا رخ تبدیل کرکے علاقہ ڈیڈہ ور میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ۔گھروں میں پانی داخل ہونے کے ساتھ ساتھ ہزاروں ایکڑ زمین بھی تیار فصلوں سمیت دریا برد ہوگئی ہے جس کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کا کروڑوں کا نقصان ہو چکاہے ۔انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اگر حکومت نے بروقت ان علاقوں کے بچاؤ کے لئے پشتے تعمیر نہیں کئے تو یہ علاقے دریائے سوات کے بے رحم موجوں کا شکار ہو جائیں گے ۔
414 total views, no views today


