مینگورہ، انٹی کسٹم ایکٹ ایکشن کمیٹی کے ڈویژنل چیئرمین فضل رحمان نونونے کہاہے کہ آج ستائس جولائی کو ایکشن کمیٹی کی اپیل پر پورے ملاکنڈڈویژن میں کسٹم ایکٹ کیخلاف شٹرڈاؤن اورپہیہ جام رہے گا جبکہ ساتھ ساتھ احتجاجی مظاہرے ،جلسے اورجلوس بھی ہوں گے جس کا مقصد مرکزی حکومت پر واضح کرنا ہے کہ یہاں کے عوام کسی بھی صورت کسٹم ایکٹ کے نفاذکو تیار نہیں اور وہ اس کیخلاف کسی بھی حد جاسکتے ہیں،انہوں نے کہاکہ جب سے مرکزی حکومت نے ملاکنڈڈویژن میں کسٹم ایکٹ نافذکیا ہے اس وقت سے یہاں کی سیاسی پارٹیاں،وکلاء برادری، سول سوسائٹی،تاجربرادری،ٹرانسپوٹراورمختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے تمام لوگ سراپااحتجاج ہیں اوران سب کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ کسٹم ایکٹ کا فیصلہ واپس لیا جائے جس پر مرکزی حکومت کی خاموشی انتہائی قابل افسوس اور قابل مذمت ہے،انہوں نے کہاکہ ملاکنڈڈویژن ایک آفت زدہ اورمصیبت زدہ علاقہ جہاں کے لوگوں کو ریلیف کی ضرورت ہے مگر حکومت نے اس کی بجائے ان کے کاندھوں پر کسٹم ایکٹ کا بوجھ ڈال کر ان کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے تاہم اس ظالمانہ فیصلے کی واپسی تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا جس کے دوران جو بھی نقصان ہوا اس کی تمام تر ذمہ داری مرکزی اورصوبائی حکومت پر عائد ہوگی،انہوں نے سوات سمیت پورے ملاکنڈڈویژن کے عوام سے آج کی ہڑتال اوراحتجاجی مظاہروں کوکامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے کرداراداکرنے کی اپیل کی ہے۔
636 total views, no views today


