میرپور: ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 50 رنز سے شکست دے دی۔
بنگلا دیش کے شہر میر پور کے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے میچ میں پاکستان بلے بازوں کے بعد بالرز نے بھی عمدہ کاکردگی کا مظاہرہ کیا اور بنگلا دیشی کھلاڑیوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ بنگلا دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے سب سے زیادہ 38 رنز بنائے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ناصر حسین 23، انعام الحق 18، محمود اللھ اور مشرفی مرتضیٰ 17، 17 اور تمیم اقبال 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے عمر گل نے 3 ، سعید اجمل نے 2 جب کہ ذوالفقار بابر اور شاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے ابتدا ہی میں بنگلا دیش کے بالرز کو اپنے خطرناک عزائم سے آگاہ کردیا ، دونوں کھلاڑیوں نے 43 کی شراکت قائم کی تاہم اس کا اختتام کامران اکمل کے آؤٹ ہونے پر ہوا۔ کامران اکمل کے بعد احمد شہزاد کا ساتھ نبھانے کپتان محمد حفیظ کریز پر آئے لیکن وہ بھی زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکے اور 70 کے اسکور پر اسٹمپ ہوکر واپس لوٹ آئے۔ جس کے بعد عمر اکمل آئے لیکن وہ اپنا کھاتہ کھولے بنا ہی وکٹ گنوا بیٹھے، اس موقع پر شعیب ملک نے احمد شہزاد کا خوب ساتھ نبھایا۔
شعیب ملک اور احمد شہزاد نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 9.96 کے رنز اوسط 8.2 اوورز میں 83 رنز کی شراکت قائم کی۔ 154 رنز کے مجموعی اسکور پر شعیب ملک 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے فوری بعد احمد شہزاد نے اپنی اور پاکستان کی جانب سے مختصر ترین فارمیٹ میں اولین سنچری بنائی۔ انہوں نے 58 گیندوں پر یہ سنگ میل عبور کیا۔ شاہد آفریدی نے 9 گیندوں پر 22 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی اور اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 190 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد 111 رنز جبکہ صہیب مقصود ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے کامیاب بالر عبدالرزاق رہے جنہوں نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ الامین حسین، شکیب الحسن، محموداللہ نے ایک ایک وکٹ لی۔
واضح رہے کہ پاکستان کو ٹورنامنٹ میں زندہ رہنے کے لئے یہ میچ جیتنا لازمی ہے جب کہ بنگلا دیش پہلے ہی 2 میچ ہار کر ٹورنامنٹ سے تقریبا باہر ہو چکا ہے۔
872 total views, no views today


