سوات،یونیورسٹی آف سوات کے میڈیااینڈکمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام شائع ہونے والے ’’کیمپس بلیٹن‘‘ کاپہلاشمارہ جاری کردیاگیاہے جس میں یونیورسٹی آف سوات کے مختلف شعبہ جات کی جانب سے منعقدکئے جانے والے پروگراموں کی کوریج کے علاوہ سائنس کے میدان میں مختلف تحقیقی موضوعات کوبھی شامل کیاگیاہے جس کابنیادی مقصدطلباء وطالبات میں تحقیق اورادب سے متعلق معلومات کوفروغ دینااوران میں پڑھائی کارجحان پیداکرناہے۔
جمعرات کے روزیونیورسٹی کے مین اوڈیگرام کیمپس میں ایک تقریب کے دوران کیمپس بلیٹن کاباضابطہ افتتاح وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرمحمدجہانزیب خان نے کیا۔اس موقع پررجسٹرارکے علاوہ میڈیااینڈکمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے فیکلٹی ممبرزاورطلبہ بھی موجودتھے۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلرنے بلیٹن کے اجراء کوایک خوش آئندپیش رفت قراردیتے ہوئے اس امرپرزوردیاکہ کیمپس بلیٹن کے اجراء کاسلسلہ مستقل بنیادوں پرجاری رکھاجائے اوراس میں طلبا وطالبات کی تحریروں کونمایاں جگہ دے کرانہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہارکے مواقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کی انتظامیہ معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں ہے اوراس سلسلے میں عنقریب یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے 20فیکلٹی ممبرزکوپی ایچ ڈی کیلئے باہرکے ممالک میں بھیجاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی آف سوات کے ذاتی کیمپس چارباغ کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے منظورکردہ ڈیڑھ ارب روپے جون کے پہلے ہفتہ میں ریلیزہوں گے جس کے فوری بعدچارباغ کیمپس کی تعمیرشروع کی جائے گی ۔
493 total views, no views today


