مینگورہ،نجی ٹی وی چینل کے اینکر اورسینئرصحافی حامد میر پر قاتلانہ حملے کے خلاف سوات پریس کلب اورسوات یونین آف جرنلسٹس کا احتجاجی مظاہرہ،شدیدنعرہ بازی،ملزموں کی گرفتاری اورصحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ۔اتوار کے روز سوات پریس کلب اورسوات یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام صحافی حامد میر پر کراچی میں ہونے والے حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا۔
اس موقع پر سوات پریس کلب کے چیئرمین رشیداقبال،ایس یو جے کے صدر حضرت بلال ،چیف آرگنائزرغلام فاروق اوردیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ حامد میر پر حملہ دراصل پوری صحافت پر حملہ اورآزادی صحافت پر قدغن لگانے کی ایک سازش ہے جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،انہوں نے کہاکہ یہ پہلا موقع نہیں بلکہ اس سے قبل بھی ہمارے صحافی بھائیوں پر اس طرح کے حملے ہوئے جس کے دوران کئی صحافی شہید اورکئی زخمی ہوئے مگراس کے باوجود بھی حکومت نے تاحال صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے اقدامات نہیں اٹھائے جو ایک قابل افسوس امر ہے،انہوں نے کہاکہ اتنے حملوں کے باوجود بھی صحافیوں کے حوصلے کمزرونہیں ہوئے بلکہ وہ بدستوربذریعہ قلم ملک وقوم کی خدمت میں مصروف ہیں جو ان کی دلیری کا واضح ثبوت ہے،انہوں نے کہاکہ ملک کے دیگرحصوں کی طرح سوات میں صحافیوں کو خطرات لاحق ہیں لہٰذہ پولیس حکام ان کی سکیورٹی کے حوالے سے اقدامات کریں،اس موقع پر صحافیوں نے نعرہ بازی کی اورحکومت سے صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا،مظاہرہ کے اختتام پر مظاہرین نے حامدمیرکی صحتیابی کیلئے اجتماعی دعابھی مانگی۔
495 total views, no views today


