سوات، پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنمااور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سونامی حکومت کے دس ماہ ہو چکے اب تک کوئی ایک بھی وعدہ پورا نہ ہوسکا، انتخابی مہم کے دوران کئے گئے وعدوں سے تحریک انصاف نے کوئی ایک بھی وعدہ نہیں نبھایا، اپنے دور حکومت میں سواتی عوام کیلئے بہت کچھ کیا، کیڈٹ کالج اور ہائی کورٹ سرکٹ بینچ(دارلقضاء) قائم کی ہے،
سواتی عوام کی ناراضگیاں دور کرنے ایا ہوں، عوام اپنا قیمتی ووٹ پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد شاہی خان کے حق میں استعمال کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارباغ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر رضا ربانی ، پی پی پی کے صوبائی صدر خانزادہ خان نامز د امیدوار محمد شاہی خان نے بھی خطاب کیا، انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور رضا ربانی سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ پی پی پی غریب عوام کی پارٹی ہے، بھٹو کا فلسفہ اج بھی زندہ ہے، انہوں نے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان کے بعد ہماری حکومت میں غریب عوام کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مالی امداد دینے کا سلسلہ شروع کیا جو تاحال جاری ہے، انہوں نے کہا کہ سونامی حکومت کے دس ماہ مکمل ہوچکے ہیں لیکن ابھی تک کوئی تبدیلی نہیں دیکھی ، جتنے وعدے الیکشن کے دوران صوبے کے عوام سے کئے گئے تھے ان میں کوئی ایک بھی پورا نہیں کیا جا سکا، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور سیلاب کے دوران پیپلز پارٹی کے حکومت میں سواتی عوام کیساتھ بھرپور مالی مدد کی گئی ، تباہ شدہ املاک کی دوبارہ تعمیر کیلئے لاکھوں روپے دئے گئے ، انہوں نے کہا کہ سوات کیلئے ہماری حکومت نے کیڈٹ کالج منظور کیا اس کے علاوہ ہائی کورٹ کی سرکٹ بینج قائم کی ، انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کا مشن جاری رہے گا، بلاول بھٹو زرداری ان کے مشن کو اگے بڑھائیں گے، انہوں نے کہا کہ سواتی عوام پیپلز پارٹی کے امیدوار کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کرکے شہیدوں کا ساتھ دیں۔
396 total views, no views today


