سوات (سوات نیوز ڈا ٹ کام ۔ 27ستمبر 2017ء ) ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر سوات کے ترجمان نے ڈینگی بخار کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع سوات میں عوام الناس ،منتخب نمائندوں ،انتظامیہ اور محکمہ صحت کے عملہ کی محنت سے آج تک ڈینگی کا کوئی بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے ۔بعض اخبارات میں سوات میں ڈینگی سے اموات کی وضاحت کرتے ہوئے ترجمان نے وضاحت کی کہ محکمہ صحت کے ریپڈرسپانس ٹیموں نے متعلقہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں سے معلومات اکھٹی کیں۔جہاں ضرورت تھی وہاں موقع پر دوسرے لوگوں کے ٹسٹ بھی کئے تاہم کسی بھی مریض میں ڈینگی وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔ترجمان نے مزید کہا کہ کبل کے نو سالہ بچہ انعام اللہ کا انتقال ڈینگی وائرس سے نہیں بلکہ نمونیہ سے ہوا ہے ۔سر سردارے کی بچیوں سلمیٰ اور نزاکت کا انتقال بھی ڈینگی وائرس سے نہیں بلکہ دوسرے انفکشن سے ہوا ہے جبکہ شاہدرہ بسم اللہ محلہ مینگورہ کے عبدالقیوم کے گھر میں صرف 18سالہ لیلیٰ معمولی بخار سے بیمار تھی تاہم ڈینگی کا کوئی مریض موجود نہیں تھا ۔ترجمان نے صحافی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈینگی بخار وغیرہ کے حوالے سے کسی بھی خبر کی اشاعت سے پہلے محکمہ صحت سوات کے ڈینگی سیل سے تصدیق کیا کریں تاکہ سچ پر مبنی خبر کی اشاعت ہوسکے۔
1,403 total views, no views today



