لاہور: پاکستانی آل راؤنڈر نے میچ فکسنگ سے متعلق برطانوی اخبار کی رپورٹ مسترد کردی ہے۔
دی سن اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ شاہد آفریدی اور عمر اکمل کو 12-2011 میں انگلینڈ کے خلاف ہونے والی سیریز میں اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش ہوئی تھی جسے دونوں کرکٹرز نے ٹھکرادیا تھا۔رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات میں انگلش ٹیم کے خلاف ہونے والی سیریز میں دونوں کھلاڑیوں نے پیشکش ٹھکرا کر فوری طور پر ٹیم انتظامیہ اور آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کردیا تھا۔
شاہد آفریدی نے رپورٹ کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2012 میں ہونے والی سیریز کے دوران انہیں کسی بکی نے پیشکش نہیں کی۔
پاکستانی ٹیم کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اخبار کا دعویٰ ہے کہ شاہد آفریدی تک ٹیم کے ہوٹل کی لابی میں ایک شخص نے رسائی حاصل کی لیکن آل راؤنڈر نے اس شخص کی بات تک سننا گوارا نہیں کی۔
یاد رہے کہ پاکستان کے لیگ دانش کنیریا انگلش کاؤنٹی کے میچ میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں تاحیات پابندی کی سزا بھگت رہے ہیں۔اس سے قبل تین پاکستانی کرکٹرز سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر پر 2010 میں انگلینڈ کے خلاف بدنام زمانہ لارڈز ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنگ الزامات ثابت ہونے پر جیل ہونے کے ساتھ ساتھ سزا بھی ہوئی تھی۔
1,002 total views, no views today


