فتح جنگ (اٹک) – وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ضلع اٹک کے علاقے جھنڈیال میں جمعہ کے روز تیل و گیس کے منصوبے جھنڈیال ون کا افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، وفاقی وزراءخرم دستگیر ، شیخ آفتاب احمد ، وزیر مملکت جام کمال بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اعظم کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اعظم نے تختی کی نقاب کشائی کرکے منصوبے کا افتتاح کیا اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی۔ پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ (پی او ایل) نے ضلع اٹک کے اخلاص بلاک میں تیل اور گیس کا ایک بڑا ذخیرہ دریافت کیا۔ یہ پچھلے پانچ برسوں میں پنجاب میں تیل اور گیس کی ایک بہت بڑی دریافت ہے۔ پی او ایل کی یہ دریافت اسلام آباد سے تقریباً 83 کلو میٹر جنوب مغرب میں شمالی پوٹھوہار ضلع اٹک میں جھنڈیال کنوئیں سے ہوئی ہے۔ اس میں پی او ایل 80 فیصد اور اٹک آئل کمپنی 20 فیصد حصہ کی مالک ہے۔ مشکل مگر اچھے علاقے میں واقع اس بلاک کے ارد گرد بہت سی آئل فیلڈز موجود ہیں۔ انتہائی گہرے دریافتی جھنڈیال 1- کنویں کی ٹیسٹنگ کے دوران کافی مقدار میں تیل اور گیس دریافت ہوئی۔ کنوئیں کے بہاﺅ اور چوک سائز کے لحاظ سے تیل کی یومیہ پیداوار 2520 بیرل اور گیس کی پیداوار 21 ملین کیوبک فٹ تک ہے ۔(اے پی پی)
1,270 total views, no views today



