اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہندوستان میں نواز شریف حریت رہنماوں کو نظر انداز کر کے اسٹیل مل کے مالی سے ملاقات کے لیے چلے گئے لیکن دورے میں ان سے اسکول کے بچوں کی طرح سلوک کیا گیا۔پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے پارلیمنٹ سے صدر مملکت کے خطاب کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ صدر وفاق کی علامت ہوتا ہے لیکن آج مسلم لیگ ن کے نمائندے کی تقریر تھی، صدر ممنون حسین نے پارٹی کی لکھی ہوئی تقریر پڑھی جس میں اقلیتوں کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ دھاندلی کے معاملے پر ہم نے تمام لیگل فورم استعمال کیے، ن لیگ کا 2008 میں 70 لاکھ ووٹ اس بار کلیریکل غلطی پر سوا کروڑ تک پہنچ گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایک سال سے حکم امتناعی پر معاملات چلائے جا رہے ہیں، اتنی بڑی دھاندلی کی گئی کہ اب حکم امتناع کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں۔
انہوں نے وزیر اعظم کے دورہ ہندوستان کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے حریت کانفرنس کے رہنماؤں سے دہلی میں ملاقات نہ کر کے کشمیر پر سودے بازی کی، وزیر اعظم نئی دہلی میں سریا اور سیمنٹ کے تاجر سے ملاقات کرسکتے ہیں تو حریت کانفرنس سے کیوں نہیں، ہندوستان میں نوازشریف کے ساتھ اسکول کے بچوں کی طرح سلوک کیا گیا۔
عمران نے مزید کہا کہ نواز شریف حریت رہنماوں کو نظرانداز کر کے اسٹیل مل کے مالی سے ملاقات کے لیے چلے گئے اور دوسری جانب ہندوستان نے جامع مذاکرات ملیامیٹ کردیے۔شمالی وزیرستان میں فوجی کارروائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے ملک میں انتہاپسندی بڑھی اور وزیرستان میں امریکا کے کہنے پر فوج کو دہکیلا گیا جس کے باعث پاکستانی بھاگ کر افغانسان جا رہے ہیں۔
375 total views, no views today


