چترال، پاکستان تحریک انصاف کے خاتون رکن صوبائی اسمبلی بی بی فوزیہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کا وژن بالکل واضح ہے ، ہمیں عوام نے مینڈیٹ دیا ہے اور تحریک انصاف ہر حال میں عوامی مینڈیٹ کے احترام کو برقرار رکھے گی۔ جماعت اسلامی کے مرکزی راہنماء مولانا عبدالاکبر چترالی کی طرف سے پریس کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کے حوالے سے جاری کئے گئےاپنے ایک اخباری بیان میں پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی بی بی فوزیہ نے ان تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف مختلف اداروں سے کرپشن کے خاتمے اور انصاف کی بالادستی کا نعرہ لیکر میدان میں آئی ہے اور یہی ہمارے قائدین اور ہمارے پارٹی کا وژن ہے
جسکے مطابق صوبائی حکومت مکمل جانفشانی سے کام کر رہی ہے ۔ اس سلسلے میں کئی اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ کرپشن کو روکا جاسکے ، ناانصافی کا خاتمہ ہو اور سرکاری حکام عوام کو جوابدہ ہوں اور ان اقدامات کے نتیجے میں اصلاحات کا عمل شروع ہو چکا ہے۔رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں جتنا کام پچھلے ایک سال کے دوران ہوا ہے وہ پچھلے 68سالوں میں نہیں ہوا ۔ اسی طرح ایک ایسا بلدیاتی نظام تیار کیا گیا ہے جس سے ترقی کا عمل نہایت تیزی سے آگے بڑھے گی اور نچلی سطح پر عوام با اختیار ہونگے۔ مختلف محکموں میں بدعنوان افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں، انہیں جیلوں میں ڈالا گیا ہے جو کہ ایک تاریخی کارنامہ ہے، پولیس کے محکمے سے سیاسی مداخلت ختم کردی گئی ہے اور کرپٹ اہلکاروں کو فارغ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے عوام سے بہتر اور شفاف طرز حکمرانی کا وعدہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی صوبائی حکومت میں پی ٹی آئی کا بہترین پارٹنر ہے اور ہم ملکر عوام کی خدمت کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومت میں اتحادی ہونے کی حیثیت سے جماعت اسلامی کے وزراء بھی پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی قیادت میں کام کررہے ہیں اور ہم انکے اچھے کارکردگی کے معترف ہیں تا ہم بے بنیاد الزام تراشی کسی بھی طور پر زیب نہیں دیتی۔ بی بی فوزیہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کے اہم اتحادی ہونے کی حیثیت سے جماعت اسلامی کے قائدین پر فرض بنتا تھا کہ اگر کہیں کوتاہی ہو رہی ہو تو اسے متعلقہ فورم پر اٹھایا جاتا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے کئی سالوں کے ترقیاتی کام نامکمل پڑے ہیں جبکہ ہماری حکومت کے آئے ہوئے اب صرف ایک سال ہوا ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے دور میں اصلاحات پر توجہ دی جارہی ہے اور جب ایک بہتر طرز حکمرانی کی بنیاد ڈالی جائیگی تو ترقی کے ثمرات سے عوام مستفید ہونگے۔ اب ترقیاتی فنڈز کے نام پر غریب عوام کو بے وقوف بنانے کا دور ختم ہو چکا ہے۔ در حقیقت پچھلے ایک سالہ کارکردگی نہ صرف صوبے بلکہ ملک کی تاریخ کا ایک حسین باب ہے اور انشاء اللہ آنیوالے چار سالوں میں خیبر پختونخوا کے عوام کو صاف شفاف نظام دینگے جہاں ترقی بھی ہو گی اور انصاف بھی ۔
543 total views, no views today


