سوات(سوات نیوزڈاٹ کام)سوات سمیت مالاکنڈڈویژن کے ساتوں اضلاع میں اج تیسرے روز بھی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا، سوات کے سیاحتی علاقہ وادی کالام اور مہوڈنڈ، مالم جبہ ، شانگلہ ٹاپ سمیت دیگر علاقوں میں شدید برفباری ہوئی ، برفباری خوازہ خیلہ اور شین ، فتح پور تک ریکارڈ کی گئی ، دوسری طرف مینگورہ شہر سمیت میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، ٹھنڈی ہوائوں نے سوات کے موسم کو سرد ترین بنا دیا .کالام میں ایک فٹ جبکہ مالم جبہ میں ایک فٹ تین انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ۔
لوئیر دیر میں وادی لڑم جبکہ اپر دیر کے بیشتر علاقوں میں برفباری ہوئی، لواری ٹاپ میں شدید برفباری ریکارڈ کی گئی ، جس سے لوئیر اور اپر دیر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے،
ضلع شانگلہ کے مختلف علاقوں پورن چکیسر، یخ تنگے، الپورئی اورشانگلہ ٹاپ، شاہ پور سمیت دیگر علاقوں میں برفباری ریکارڈ کی گئی ، جبکہ بشام سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہوئی ۔
ضلع بونیر میں بھی بارش اور ایلم پہاڑی پر برفباری کا سلسلہ جاری رہا، بونیر کے میدانی علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ پہاڑی علاقوں ایلم ، کڑاکڑ میں برفباری ہوئی ، یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت بڑھ گئی ۔
ضلع مالاکنڈ میں تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش ریکارڈ کی گئی، بٹ خیلہ ، پلئی درگئی اور سخاکوٹ میں بارش کے بعد ٹھنڈی ہوائوں کا سلسلہ جاری رہا۔
ضلع کوہستان میں بھی کچھ علاقوں میں بارش جبکہ اکثریتی علاقوں میں برفباری ریکارڈ کی گئی، شدید برفباری کی وجہ سے عوام اپنے گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ۔
7,728 total views, 2 views today