سوات ( سوات نیوز ڈاٹ کام )خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ڈویثرن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ا پنے انقلابی منشور پر عمل کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں تعلیم ،صحت اور دیگر سرکاری اداروں کو عوام کا خادم بنایا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاٹ کالونی مٹہ سوات میں ایک شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پراے این پی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے اہم اور سرکردہ رہنماؤں جن میں جنرل کونسلر و بانی کارکن محمد غفار خان ،سردار ملک ،محمدی ملک ،امانی گل،مضوب خان لالا،احسان اللہ خان ،ابرار ،شاہ فروز خان ،شجاعت علی ،محمد علی جان ،شاہ طوطی اور شاہ خالد نے اپنے خاندانوں سمیت سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے قول و فعل میںیکسانیت کی بدولت ملک میں ایک نا قابل شکست قوت کے طور پر اُبھررہی ہے جو ملک و قوم کے تابناک مستقبل کا مظہر ہے ۔محمود خان کا کہنا تھا کہ بعض نام نہاد موقع پرست سیاستدان پی ٹی آئی کی مقبولیت سے خائف ہو کر بے بنیاد پروپیگنڈوں پر اُتر آئی ہے لیکن وہ جان لیں کہ پی ٹی آئی نے عوام میں سیاسی شعور پیدا کیا ہے اور عوام اب ان نام نہاد سیاستدانوں کے پروپگنڈو میں ہر گز نہیں آینگے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں منتخب نمائندے عوام کو سبز باغ دکھا کر ووٹ حاصل کرتے اور پھر اپنے اقرباء اور دوستوں و بہی خواہوں کو خوش کرنے کیلئے ہر جائز و نا جائز کام کرتے جبکہ ترقیاتی عمل کو سیاسی مفاد کیلئے استعمال کرتے جس کا نتیجہ عوام کی معاشی بد حالی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے بلا امتیاز صوبے بھر میں اربوں روپے کے عوامی فلاح بہبود کے منصوبوں کا جال بچھا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2018کے عام انتخابات میں عوام ختم نبوت کے مجرموں کا احتساب کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدالتوں نے عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا ہے اور پانامہ کے چور اب تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔
1,740 total views, no views today



