سوات(سوات نیوزڈاٹ کام )ڈپٹی کمشنرسوات عامر آفاق نے ضلع سوات میں صفائی کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اے ڈی لوکل گورنمنٹ ، سی ای او ڈبلیوایس ایس سی اور تمام ٹی ایم اوز کو دو ہفتے کے اندر اندر ایک جامع اور قابل عمل صفائی منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔وہ پیر کے روز اپنے دفترمیں منعقدہ ایک خصوصی اجلاس سے اظہار خیال کر رہے تھے۔اجلاس میں اے ڈی سی محمد طاہر ،اے ڈی لوکل گورنمنٹ سردار الملک اور سی ای او ڈبلیوایس ایس سی مینگورہ شیدا محمد کے علاوہ ساتوں تحصیلوں کے ٹی ایم اوز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں ضلع سوات خصوصاً مینگورہ شہر میں صفائی کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بحث کی گئی ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام ترکوششوں کے باوجود مینگورہ سیدو شریف اور تمام اہم شہروں میں صفائی کی صورتحال اطمینان بخش نہیں ۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہنگامی بنیادوں پر قومی جذبے کے تحت صفائی منصوبہ بندی کی جائے ۔گلیوں ،نالیوں ،خوڑوں اور دریائے سوات میں گندگی پھنکنے کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو خبردارکیا کہ وہ خود مختلف علاقوں کے اچانک دورے کریں گے اور صفائی کی صورتحال بہتر ہونے تک یہ عمل جاری رکھیں گے۔
1,490 total views, 2 views today
Comments