وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ ملک کی ترقی کیلئے تمام اداروں کو آئین کے دائرے میں رہ کر کام اورایک دوسرے کا احترام کرناچاہیے۔
وہ آج حافظ آباد میں صحت بیمہ کارڈ سکیم کے اجراء کے حوالے سے تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
وزیراعظم نے کہاکہ ہم تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں اور عدالتوں کے فیصلوں پران کی روح کے مطابق عملدرآمد کیاگیا ہے انہوں نے کہاکہ ملک کیلئے یہ اہم ہے کہ پارلیمنٹ کے فیصلے قبول کیئے جائیں اوران کا احترام کیاجائے ۔
وزیراعظم نے کہاکہ اگر پارلیمنٹ کا منظور کردہ قانون مسترد کیاجاتا ہے تو یہ عوامی رائے کی تضحیک کے مترادف ہوگا۔
وزیراعظم نے کہاکہ آئندہ سینیٹ انتخابات میں دھاندلی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ حکومت نے ملک کو درپیش بڑے چیلنجوں سے عہدہ برا ہوتے ہوئے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کردیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ پانچ سال میں متعدد منصوبے شروع اور مکمل کئے گئے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ آج وافرگیس دستیاب ہے اور نئے کنکشن دئیے جارہے ہیں ۔
صحت کارڈ سکیم سے متعلق وزیراعظم نے کہاکہ یہ ایک کامیاب سکیم ہے جس کا عالمی سطح پر بھی اعتراف کیاگیا ہے ۔
اس سے پہلے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ہیلتھ سروسز کی وزیر سائرہ افضل تارڑ نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ نون کی حکومت ملک کے پسماندہ علاقوں میں علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے ۔
1,580 total views, no views today



