الیکشن کمیشن نے پاکستان مسلم لیگ نون کے نامزد کردہ تمام امیدواروں کو سینیٹ انتخابات میں آزاد امیدوار تصور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ جمعرات کے روز اسلام آباد میں کمیشن کے ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں سپریم کورٹ کی طرف سے میاں نواز شریف کو مسلم لیگ نون کے صدر کے طور پر نااہل کیے جانے اور گزشتہ سال اٹھائیس جولائی سے ان کے تمام اقدامات کو غیر قانونی قرار دیئے جانے کے بعد پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔کمیشن نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے مختلف عوامل کا جائزہ لیا اور فیصلہ کیا کہ تین مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات میں مسلم لیگ نون کے تمام امیدواروں کو آزاد تصور کیا جائے گا۔کمیشن نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ سینیٹ انتخابات بروقت منعقد کرانے اور تمام امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کرنے اور ان کے حقوق کا تحفظ کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔متعلقہ ریٹرننگ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی فہرست میں فارم نمبر 33 اور فارم نمبر54 پر نظرثانی کریں۔اسلام آباد سے سینیٹ الیکشن کیلئے ریٹرننگ افسر نے پہلے ہی نظرثانی شدہ فہرست جاری کر دی ہے جس میں مسلم لیگ نون کے امیدواروں کو آزاد قرار دیا گیا ہے۔
962 total views, no views today



