سوات(سوات نیوزڈاٹ کام)جماعت اسلامی سوات کے رہنما اور سماجی شخصیت فضل غنی نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف عدالتی فیصلہ مبنی بر انصاف نہیں ، پانامہ لیکس سکینڈل میں ملوث دیگر افراد کے خلاف قانونی کارروائی نہ ہونا نواز شریف خاندان کے خلاف بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے ، عمران خان کو کرسی پر قبضہ جمانے کے لئے کرپشن کے حوالے سے صرف نوازشریف ہی دکھائی دیتے ہیں جبکہ اپنے ارد گرد موجود کرپٹ لوٹے نظر نہیں آرہے ہیں ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز عدالت کی جانب سے کرپشن سکینڈ ل میں صرف نواز شریف ، بیٹی مریم نواز اور داماد صفدر کو سزا دینے سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس خاندان کے خلاف مخاصمت کی پالیسی پر کام کیا جارہا ہے اور کچھ مخصوص قوتیں نہیں چاہتی کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے والوں کو مزید حکمرانی پر رکھ انہیں ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ سکینڈل میں ملوث دیگر افراد کے خلاف کارروائی کا نہ ہونا تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان اور دیگر قوتوں کی بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے حالانکہ یہ ہر ایک کو معلوم ہے کہ خامیاں تو سب میں ہوتی ہیں لیکن نواز شریف نہ بہ حیثیت مجموعی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے جس میں ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کے ساتھ ساتھ موٹر وے اور اس قسم کی دیگر وہ منصوبے شامل ہیں جس کی وجہ سے آج پاکستان ترقیافتہ اقوام کی صف میں کھڑا ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اعلیٰ عدالتیں فیصلہ پر نظر ثانی کرکے نواز خاندان کو انصاف فراہم کرے ۔
887 total views, no views today



