سوات (سوات نیوزڈاٹ کام) یونیورسٹی آف سوات کے لاء اینڈ شریعہ ڈیپارٹمنٹ میں لائبریری اور موٹ کورٹ کا افتتاح گذشتہ روز ایم پی اے فضل حکیم کے ہاتھوں کیا گیا۔ لائبریری یونیورسٹی آف سوات کے مین لائبریری سے ہٹ کر صرف لاء اینڈ شریعہ ڈیپارٹمنٹ کے طلباء کیلئے بنائی گئی ہے جس میں صرف متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کی تقریباً پانچ ہزار کتابیں رکھی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ موٹ کورٹ ایک اصلی عدالت کے روپ میں بنایا گیا عدالت ہے جس میں طلباء کو باقاعدہ طور پر عدالت کا ماحول فراہم کیا جاتا ہے اور اُن کی پریکٹس کرائی جاتی ہے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے یونیورسٹی کے طلباء کیلئے اس قسم کی سہولیات کی فراہمی کو سراہا اور وائس چانسلر اور ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین امجد ہلال کو خراج تحسین پیش کیا۔
افتتاحی پروگرام کے بعد ایم پی اے فضل حکیم یونیورسٹی کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کیلئے چارباغ گئے۔ وائس چانسلر اور متعلقہ سٹاف نے اُن کو تعمیراتی کام کی تفصیل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ گرلز ہاسٹل کی عمارت مکمل ہو کر یونیورسٹی کے حوالے کی جا چکی ہے جبکہ ایک اکیڈمک بلاک پر کام تیزی سے جاری ہے اور امید ہے کہ اگلے سال کے وسط تک مکمل ہوکر یونیورسٹی کے حوالے کر دی جائیگی۔ اس کے علاوہ دیگر عمارات کی تعمیر حال ہی میں ٹینڈر کا عمل مکمل کرنے کے شروع کی گئی ہے اور کنٹریکٹرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تعمیراتی کام کو مزید کسی تاخیر کے بغیر مکمل کیا جائے۔ ایم پی اے فضل حکیم نے ان تمام کوششوں کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنی طرف سے یونیورسٹی کے تمام امور میں تعاون کرینگے اور چاہے گے کہ یونیورسٹی کا شمار مستقبل قریب میں اچھی یونیورسٹیوں میں ہو۔
1,190 total views, no views today



