اسلام آباد(این این ائی) العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا معطلی کے لیے سابق وزیراعظم نوازشریف کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق احتساب عدالت کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جس پر نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے ان کی سزا معطل کرنے کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی تھی جس پر عدالت نے اعتراض لگا کر واپس کردی تھی۔عدالت کی جانب سے درخواست پر اعتراضات ہونے کی وجہ سے وکلاء نے درخواست واپس لے لی تھی اور اب نواز شریف کے وکلاء نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرکے العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی کی درخواست دوبارہ دائر کردی، درخواست نواز شریف کے وکیل منور اقبال دگل نے دائر کی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اپیل پر فیصلے تک احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا معطل کی جائے اور نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم کی درخواست کو پیر 7 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے۔ جس کے لئے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے 2 رکنی بینچ تشکیل دے دیا ہے، عدالت عالیہ کا فاضل بینچ چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ہے۔
1,106 total views, no views today



