سوات،جمعیت علمائے اسلام ف کے صوبائی امیر مولانا گل نصیب خان نے کہاہے کہ وزیرستان کا 90فیصدعلاقہ کلیئر ہونے کے اعلان کے بعد متاثرین آپریشن کو واپس گھروں کو بھجوانے کا مطالبہ کرتے ہیں ،اسلام آباد کے دھرنوں کو مسترد کرتے ہیں دھرنے والے پارلیمنٹ کا راستہ اختیار کریں ،ڈرون حملے سرحدات غیر محفوظ ہونے کی وجہ سے کئے جارہے ہیں
،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگورہ میں جے یو آئی پی کے80کے زیر اہتمام عید ملن پارٹی سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جے یو آئی ف کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا شجاع الملک ،سابق سنیٹر مولانا راحت حسین،ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی محمد اسحاق زاہد ،پی کے اسی کے امیر قاری محمد قاسم ،جنرل سیکرٹری اعجاز خان ،ضلعی سیکرٹری اطلاعات قاری شمس الرحمن اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ،شیخ الحدیث مولانا حمید اللہ دیروی نے تقریب کی صدارت کی ،مولانا گل نصیب خان نے کہاکہ عمران خان اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک ہر روز اٹھ کر تبدیلی کا نیاشوشہ چھوڑ رہے ہیں لیکن ڈیڑھ سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود ہم نے ابھی تک صوبہ خیبر پختونخوا میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی ہے انہوں نے کہاکہ دھرنوں کی سیاست کی بجائے تبدیلی والے پارلیمنٹ اور آئین وقانون کا راستہ اختیار کرکے تبدیلی لائیں انہوں نے کہاکہ صوبہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی کارکردگی مایوس کن ہے اور ہم بہت جلد اس حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے عوام کو رپورٹ پیش کریں گے انہوں نے کہاکہ ہمیں ملک میں ضیاء الحق جیسے اسلام قبول نہ تھا تو اب قادری کی جانب سے پادریوں کا اسلام کیسے قبول نہیں کریں گے انہوں نے کہاکہ جے یو آئی ف ایک سیاسی جماعت ہے اور ہم کسی بھی صورت دینی مدار س میں مداخلت اور اس کے خاتمے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے انہوں نے کہاکہ جب عمران خان اقتدارمیں نہیں تھے تو ڈرون حملوں کے خلاف عوامی ہمدردیاں حاصل کرنے کے لئے لانگ مارچ کیا اور احتجاج کرتے رہے لیکن جب خود صوبے میں حکومت بنائی تو ڈرون حملوں پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے انہوں نے کہاکہ پورے صوبے میں امن نام کی کوئی چیز نہیں اور صوبے میں ہونے والے دھماکوں اور قتل وغارت گری میں جاں بحق ہونے والے افراد کے مجرم تحریک انصاف کی حکومت ہی ہے ۔
385 total views, no views today


